اکالی لیڈر بکرم مجیٹھیا کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت
چنڈی گڑھ، جنوری ۔ اکالی دل کے جنرل سکریٹری بکرم مجیٹھیا کو منشیات کے ایک کیس میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی جانب سے پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد سپریم کورٹ نے آج انہیں راحت دے دی ہے جس سے پیر تک ان کی گرفتاری روک دی جائے گی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مسٹرمجیٹھیا کی درخواست ضمانت نامنظور ہونے کے بعد پنجاب پولیس کی جانب سے ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کرتے ہوئے ان کے چھ مقامات پر چھاپے مارے۔ اس دوران انہیں عدالت عظمیٰ کی پناہ لینی پڑی اور آج کی سماعت کے دوران انہیں راحت دیتے ہوئے پیر تک ان کی گرفتاری پر روک لگا دی۔ اب اس معاملے کی سماعت پیر کو ہوگی۔اس دوران وہ اپنے کاغذات نامزدگی بھی بھر سکیں گے۔ اس سے اکالی دل کو بھی راحت ملی ہے۔ مسٹر مجیٹھیا کو کل ہی پارٹی نے امرتسر (مشرقی) اسمبلی سیٹ سے اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔ ان کا براہ راست مقابلہ کانگریس کے ریاستی صدر نوجوت سدھو سے ہے۔ اس کے علاوہ مسٹر مجیٹھیا اپنی روایتی سیٹ مجیٹھیا سے انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں۔