کابینہ کی توسیع پربومئی مرکزی قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے
بنگلورو، جنوری ۔کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے پیر کو کہا کہ وہ کابینہ کی توسیع کے معاملے پر پارٹی کے مرکزی قائدین سے بات کریں گے۔مسٹر بومئی نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ چار وزارتی عہدے خالی ہیں۔ ظاہر ہے کہ ان کے پاس بہت سے امیدوار ہیں۔ مرکزی وزرا جانتے ہیں کہ یہ کام کیسے اور کب کرنا ہے۔ میں خود اس بات کو ان کے نوٹس میں لاؤں گا۔ جب وہ ہمیں بات چیت کے لیے بلائیں گے تو میں آپ کو مطلع کروں گا۔سال 2023 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کچھ ارکان اسمبلی نے کابینہ کی قبل از وقت توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ایم ایل اے رینوکاچاریہ اور بسن گوڑا پاٹل یتنال نے 20 جنوری کو وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تاکہ اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ انہوں نے بومئی حکومت کی شبیہ کو بہتر بنانے کے لیے کابینہ میں نئے چہروں کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے بعد نئے وزراء کو شامل کرنے کی کارروائی بے سود ہوگی کیونکہ پارٹی الیکشن موڈ میں چلی گئی ہوگی۔رینوکاچاریہ نے کہا کہ اگر کابینہ میں توسیع ہونی ہے تو اسے ابھی کرنا چاہئے تاکہ نئے چہروں کو اپنا کام دکھانے کے لئے کافی وقت مل سکے۔