راشد خان کے ترکش میں تیروں کی کمی نہیں:بریٹ لی
نئی دہلی ،آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے افغانستان کے اسپنر راشد خان کو موجودہ وقت میں وائٹ بال کرکٹ کا بہترین اسپنر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیریبین لیگ میں گیند کے ساتھ تباہی مچانے کے لئے ان کے ترکش میں تیروں کی کمی نہیں ہے ۔انہیں یقین ہے کہ راشد اپنی ٹیم بارباڈوس ٹرائیڈینس کے لئے تباہ کن لوور آرڈر بیٹسمین بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔
کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) کا نیا سیزن 18 اگست سے شروع ہونے والا ہے اور شائقین اور کھیل کے پرستاروں میں جوش و خروش کی سطح عروج پر ہے۔ سی پی ایل 2020 مداحوں کو کورونا وائرس وبائی مرض کی وجہ سے طویل وقفے کے بعد انتہائی مطلوب ٹی 20 ایکشن فراہم کرے گا۔ رواں سال ایک بار پھر دنیا بھر کے متعدد اسٹار کرکٹرز لیگ میں حصہ لیں گے۔نئے سیزن کے آغاز سے قبل سابق کھلاڑی اور ماہرین فرنچائزز اور کھلاڑیوں کے بارے میں اپنے خیالات بیان کر رہے ہیں جو سی پی ایل کے آئندہ سیزن میں زیادہ سے زیادہ متاثر کرسکتے ہیں۔
لی نے افغانستان کے اسپنر راشد خان کو اپنی پسند کے طور پر منتخب کیا اور کہا کہ لیگ میں گیند کے ساتھ تباہی مچانے کے لئے ان کے ترکش میں تیروں کی کمی نہیں ہے ۔ راشد اس وقت وائٹ بال کرکٹ کے بہترین اسپنرز میں سے ایک ہیں اور انہوں نے پوری دنیا میں کئی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے بلے بازی سے بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اپنی ٹیم بارباڈوس ٹرائیڈینس کے لئے تباہ کن لوور آرڈر بیٹسمین بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔
اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ سے بات کرتے ہوئے لی نے کہا کہ وہ نہایت خوبصورت ، منکسر مزاج اور حیرت انگیز کھلاڑی ہے اس لئے راشد خان میرا پہلا انتخاب ہے۔میں راشد خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ حریف کھلاڑیوں کو زیر کرنے کے لئے اس کے پاس ساری تدبیریں ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ وہاں کی وکٹیں یقینا ان کے مطابق ہوں گی۔
اس موقع پر سابق ہندوستانی بلے باز سنجے منجریکر نے آسٹریلیائی بلے باز کرس لین کی حمایت کی جو آئندہ سیزن میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے لئے کھیلیں گے۔ لن اپنی بلے بازی کے جنگجو انداز کے لئے جانا جاتا ہے اور ٹی ٹوئنٹی میں اوپنر کی حیثیت سے اس کا ریکارڈ غیر معمولی ہے۔ وہ سی پی ایل 2020 میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے خواہاں ہوں گے۔منجریکر نے کہا کہ مجھے کرس لن پسند ہے۔ اس کی بیٹنگ میں طاقت کی ایک قسم ہے۔ اس لئے میرا انتخاب کرس لن ہوگا۔
سی پی ایل 2020 کے تمام 33 میچ ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو کے دو اسٹیڈیموں میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لئے کورونا وائرس وبائی مرض کی وجہ سے طویل وقفے کے بعد اپنی تال تلاش کرنے اور آئی پی ایل 2020 کے لئے تیار ہونے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا جو متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے کھیلا جائے گا ۔