متھرا میں مال گاڑی پٹری سے اتر گئی، دہلی-متھرا ریل روٹ متاثر

متھرا، جنوری ۔ شمالی وسطی ریلوے کے متھرا-پلول سیکشن پر بھٹیشور اور ورنداون اسٹیشنوں کے درمیان ایک مال گاڑی کے 15 ڈبے الٹ جانے سے متھرا-دہلی ریل روٹ متاثر ہوگیا ہے۔ڈی سی ایم / پی آر او ایس کے سریواستو نے ہفتہ کو بتایا کہ جمعہ کی رات 23:32 بجے راجستھان کے چتور نمبہ اسٹیشن سے غازی آباد کی طرف سیمنٹ کی بوریاں لے جانے والی مال گاڑی ورنداون روڈ اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی اور انجن کے تیسرے ڈبے سے 17 بوگیاں الٹتی چلی گئیں۔ ۔ اس کی وجہ سے دہلی اور متھرا کے درمیان تینوں ریلوے لائنیں متاثر ہوئی ہیں۔ جائے وقوعہ پر الٹی ہوئی بوگیوں کو ہٹانے کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ تاخیر کا شکار ٹرین آپریشن دیر شام تک بحال ہوجائے گا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ 300 کارکنوں کے علاوہ ریلوے کے ہنر مند تکنیکی ماہرین مال گاڑی کے ڈبوں کو پٹری سے ہٹانے میں مصروف عمل ہیں ۔ اس موقع پر ڈی آر ایم آگرہ ڈویژن آنند سوروپ، ڈی سی ایم امن ورما، سینئر ڈی ای این سیتارام پرجاپتی، سینئر ڈی ایس سی کمانڈنٹ پرکاش کمار پانڈا، سینئر ڈی ایم ای وی جے سنگھ، اور سینئر ڈی ایم ای آر کے ورما، ایریا منیجر روی پرکاش اور دو درجن سے زائد افسران موجود تھے۔سریواستو نے بتایا کہ مال گاڑی کی ویگن اس وقت الٹ گئی جب مال گاڑی ورنداون روڈ کے یارڈ سے غازی آباد کی طرف جا رہی تھی۔ مال گاڑی 5280 ٹن سامان لے کر جا رہی تھی۔ ریل سیکشن میں خلل کی وجہ سے چار مسافر ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ دو کو جزوی طور پر منسوخ کیا گیا ہے۔ اس کے بجائے دیگر ٹرینیں ریل روٹ سے چلائی جا رہی ہیں۔

Related Articles