قوم آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے، محمد رضوان

کراچی،جنوری۔پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ 24 سال بعد پاکستان کا تاریخی دورہ کرنے پر پوری قوم آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیوہ 24 سال بعد دورہ پاکستان سے متعلق آسٹریلیا کے کھلاڑیوں، شائقین، براڈکاسٹرز اور میڈیا کی طرف سے سامنے آنے والے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وکٹ کیپر بیٹر نے جمعرات کو ایک انٹر ویو میں کہا کہ آسٹریلیا میں موجود مختلف اسٹیک ہولڈرز کے مثبت بیانات دیکھ کر وہ ایک طویل عرصے بعد آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا احساس ابھی سے محسوس کرنے لگے ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے مارچ/ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تمام ون انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔محمد رضوان پرعزم ہیں کہ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کا آپس میں مضبوط تعلق آئندہ ماہ کھیلی جانے والی اس کرکٹ سیریز کو چار چاند لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عثمان خواجہ سمیت کئی آسٹریلوی کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت اور آسٹریلیا میں جاری کے ایف سی بگ بیش لیگ میں چھ پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت دونوں ممالک کے کرکٹ حلقوں کے باہمی تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے۔

Related Articles