جیل سے باہر نکلتے ہی عبداللہ اعظم نے ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا
رامپور:جنوری۔مختلف مقدموں میں گذشتہ 23مہینوں سے جیل میں قید اعظم خان کے بیٹے عبداللہ خان ہفتہ کی دیر رات سیتا پور جیل سے رہا ہوکر اپنے آبائی وطن رام پور پہنچ گئے۔انہوں نے جیل سے باہر نکلتے ہی یوگی حکومت ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان کے والد و ایم پی اعظم خان علیل چل رہے ہیں۔ ایک بیمار انسان کو فرضی مقدموں کو پھنسا کر دو سال سے جیل میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی کوئی سازش یا روکاوٹ ایسی نہیں ہے جو ان کے والد کی ضمانت کے راستے میں نہ ڈالی جارہی ہو۔عبداللہ نے کہا کہ آج تک انہیں اور ان کے کنبے کو عدالت سے انصاف ملا ہے اور توقع ہے کہ آگے بھی انہیں انصاف ملے گا۔ انہو ں نے حکومت پر الزام لگایا کہ ضمانت پر رہا ہونے سے پہلے انہیں جیل سے باہر نکلنے کے بعد میڈیا سے بات کرنے تک سے منع کیا گیا۔ایس پی لیڈر نے کہا کہ کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے میڈیا سے بات کرنا ان کا اور میڈیا کا بنیادی جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے 10مارچ کو اکھلیش یادو کو وزیر اعلی بنانا ہے اس کے ساتھ ہی اقتدار کا ظلم و ستم کا خاتم ہوگا۔