دانوشکا گناتلکا نے فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیا

کولمبو، جنوری ۔بین الاقوامی پابندی کا سامنا کر رہےسری لنکا کے سلامی بلے باز دانوشکا گناتلکا نے جمعہ کے روز ٹیسٹ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ تاہم وہ پانچ ماہ بعد پابندی ختم کرنے کے بعد دوسرے فارمیٹس میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔گناتلکا نے آخری بار سال 2018 میں سری لنکا کے لیے ایک ٹسٹ میچ کھیلا تھا اور ان کی لگاتار ناکامیوں نے انہیں ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم سے باہر رکھا تھا۔ سری لنکا کے بلے باز بھانوکا راجا پاکسے کے حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے فیصلے کے بعد گناتلکا کی ریٹائرمنٹ سری لنکا کے لیے ایک اور دھچکہ ہے۔30 سالہ گناتلکا نے ریٹائرمنٹ کے اچانک فیصلے کو اس وقت سری لنکا کی کرکٹ کے فٹ نیس سطح کی مانگ کو وجہ بتایا ہے۔ دراصل سری لنکا کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں دو کلومیٹر ٹیسٹ کے لیے بینچ مارک میں تبدیلی کرتے ہوئے اس کا وقت 8 منٹ 53 سیکنڈ سے گھٹا کر 8 منٹ 10 سیکنڈ کر دیا ہے۔ یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ اس تبدیلی نے راجا پکسے کے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سلامی بلے بازگناتلکانے ایک بیان میں کہا کہ اپنے ملک کے لیے کھیلنا ہمیشہ سے اعزاز کی بات رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ جب بھی مجھے ایسا کرنے کے لیے کہا جائے گا تو میں مستقبل میں اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق سری لنکا کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ . قابل ذکر ہے کہ گناتلکا پر گزشتہ سال جون میں انگلینڈ کے دورے کے دوران بائیو ببل کی خلاف ورزی کرنے پر بین الاقوامی پابندی عائد کی گئی تھی اور تب سے وہ پابندی کا سامنا کر رہے ہیں۔ کشال مینڈس اور نروشن ڈکویلا کے ساتھ ان پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔بائیں ہاتھ کے بلے باز گناتلکا نے سری لنکا کے لیے صرف آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں انھوں نے 18.7 کی اوسط سے 299 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں صرف دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے 44 ون ڈے اور 30 ​​ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ملک کی نمائندگی کی ہے۔

Related Articles