نتیش کے جنتا دربار میں چھ فریادی کورونا سے متاثر، ہنگامہ

پٹنہ، جنوری۔بہار میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں تیزی کے درمیان آج وزیر اعلی نتیش کمار کے ‘جنتا دربار میں پہنچنے والے شکایت کنندگان میں سے چھ کے کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد ہلچل مچ گئی۔ ہر پیر کو وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ کے احاطے میں جنتا دربار میں منعقد کیا جاتا ہے۔ جنتادربار میں آنے سے پہلے شکایت کنندگان کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ ان کے اپنے ضلع میں کیا جاتا ہے۔ رپورٹ منفی آنے پر انہیں یہاں آنے کی اجازت ہے۔ پہلے کے انتظامات کے مطابق آر ٹی پی سی آر رپورٹ والے شخص کو براہ راست پنڈال تک جانے کی اجازت تھی، لیکن ریاست میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے، آج پہلی بار پروگرام کے مقام پر جانے سے پہلے بھی اینٹیجن ٹسٹ کرایا گیا۔ جانچ کے دوران ضلع اورنگ آباد کے ایک شکایت کنندہ کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد احاطے میں کھلبلی مچ گئی۔ اس کے بعد جنتا دربار پہنچنے والے تمام 220 شکایت کنندگان کی جانچ کی گئی، جن میں سے چھ افراد متاثر پائے گئے۔وزیر اعلی مسٹر کمار کا جنتا دربار پروگرام پانچ سال کے بعد 12 جولائی 2021سے شروع ہوا۔ ابتدائی طور پر اس پروگرام میں آنے والے شکایت کنندگان کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ ان کے ضلع میں ہی کیا جاتا تھا۔ اس کے بعد انہیں حکومت کی طرف سے فراہم کردہ گاڑیوں کے ذریعے جنتا دربارمیں لایا جانے لگا۔ لیکن ریاست میں کورونا وائرس کا اثر تقریباً ختم ہونے کے بعد شکایت کنندگان کے لیے ٹرانسپورٹ سروس بند کر دی گئی۔ ایسے میں باور کیا جاتا ہے کہ پٹنہ آتے ہوئے یہ چھ لوگ ضرور کورونا سے متاثر ہوئے ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ بہار میں اتوار کو کورونا وائرس کے کل 352 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے سب سے زیادہ 142 متاثرین کی شناخت پٹنہ ضلع میں ہوئی ہے۔ اس کے بعد گیا میں متاثرین کی تعداد 110 ہے۔

Related Articles