قنوج میں چھاپے پر اکھلیش کے بیان سے ثابت ہوا ’چور کی داڑھی میں تنکا‘: موریہ
جونپور، دسمبر۔ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے قنوج میں عطر کے تاجروں کے خلاف چھاپوں پر سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو کا غصہ ظاہر کرنے کو ’چور کی داڑھی میں تنکا‘ قرار دیا ہے۔بی جے پی کی جن وشواس یاترا میں حصہ لینے کے لیے یہاں پہنچے موریہ نے جمعہ کو نامہ نگاروں سے کہا ’’میں نے چھاپوں کے بارے میں نہیں سنا ہے، لیکن اگر آپ کہہ رہے ہیں تو میں کہوں گا کہ اگر ان (اکھلیش) کے منہ سے ایک لفظ بھی نکلتا تو چور کی داڑھی میں تنکے کے جیسا ہے‘‘۔واضح رہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے آج قنوج میں عطر کے تاجر اور ایس پی قانون ساز کونسل کے رکن پشپ راج جین کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ اکھلیش نے محکمہ انکم ٹیکس کی اس کارروائی کو حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ مسٹر موریہ نے کہا کہ اگر تحقیقاتی ایجنسیوں نے کارروائی نہیں کی تو غریبوں کے خزانے کے چھپائے گئے 280 کروڑ روپے کیسے باہر نکلتے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی نے اپنے دور حکومت میں جو بدعنوانی کی تھی وہ اب بے نقاب ہو رہی ہے۔ ایسی کارروائی کا خیر مقدم کرنے کے بجائے اگر ایس پی اس پر برہمی کا اظہار کر رہی ہے تو دال میں ضرور کچھ کالا ہے۔