دنیش مونگیا بی جے پی میں شامل
نئی دہلی، دسمبر ۔ سابق کرکٹر دنیش مونگیا جن کا تعلق پنجاب سے ہے، نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بنیادی رکنیت حاصل کر لی۔پنڈت دین دیال مارگ پر واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ایک پروگرام میں مسٹر مونگیا، پنجاب میں پارٹی کے الیکشن انچارج اور مرکزی جل شکتی وزیر گجیندر شیخاوت ، پارٹی کے جنرل سکریٹری دشینت گوتم اور پنجاب بی جے پی کے کئی لیڈران موجود تھے۔مانا جا رہا ہے کہ بی جے پی ریاستی اسمبلی انتخابات میں مسٹر منگیا کو ٹکٹ دے سکتی ہے۔مسٹر مونگیا 2001 سے 2007 تک چھ سال تک ٹیم انڈیا کا حصہ رہے اور انہوں نے 57 ون ڈے کھیلے جن میں سے انہوں نے گوہاٹی میں زمبابوے کے خلاف میچ میں سنچری اور دیگر میچوں میں 4 نصف سنچریاں بنائیں۔ ون ڈے میں ان کے نام 1230 رنز ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 14 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وہ 2003 میں ورلڈ کپ کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔