گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی آخری رسومات مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئیں
بھوپال، دسمبر۔ فضائیہ کے شہید گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی آخری رسومات آج یہاں بیرا گڑھ کے وشرام گھاٹ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئیں ۔اہل خانہ، فوجی افسروں، جوانوں، عوامی نمائندوں اور ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں گروپ کیپٹن کو ان کے 10 سالہ بیٹے ردھیمان نے ’مُکھ اَگنی‘ دی۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے چھوٹے بھائی اور بحریہ کے افسر تنوج سنگھ نے بھی بھتیجے ردھیمان کے ساتھ اپنے بھائی کو ’مُکھ اَگنی‘ دی۔ اس موقع پر گروپ کیپٹن کے والد ریٹائرڈ کرنل کے پی سنگھ، والدہ اوما سنگھ، اہلیہ گیتانجلی اور دیگر رشتہ دار بھی موجود تھے۔ گروپ کیپٹن کی ایک بیٹی آرادھیا بھی ہے، جو بیٹے ردھیمان سے چھوٹی ہے۔اس سے پہلے ان کی لاش کو یہاں کے فوجی اسپتال سے ایک ٹرک میں رکھا گیا تھا اور ان کا الوداعی سفر شروع ہوا تھا جو بیرا گڑھ وشرام گھاٹ پہنچ کر ختم ہوا۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بھی آخری دیدار کے لیے شمشان گھاٹ میں موجود تھے۔ انہوں نے جسد خاکی پر پھولوں کا چکر رکھا۔ پاک فوج کے افسران اور ملازمین نے اپنے بہادر افسر کو پھولوں کی چادر چڑھانے کے ساتھ سلامی بھی دی۔شوریہ چکر ایوارڈ یافتہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا بدھ کو بنگلور میں انتقال ہوگیا تھا اور ان کی لاش جمعرات کو یہاں لائی گئی۔ ان کے والدین بھوپال میں ہی رہتے ہیں۔ کل اور آج جسد خاکی کو لواحقین، اقرباء کے علاوہ عام لوگوں نے بھی نم آنکھوں سے دیکھا اور الوداع کیا۔8 دسمبر کو تمل ناڈو میں، گروپ کیپٹن ورون سنگھ بھی ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر میں شامل تھے، جو اس دن حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کی اسی وقت موت ہوگئی اور گروپ کیپٹن کو سنگین حالت میں بنگلور کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ ایک ہفتے سے زائد عرصے تک موت سے لڑتے رہے تھے۔