بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت پوری طرح سے ناکام:اکھلیش
جونپور:دسمبر۔سماجو ادی پارٹی سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے منگل کو بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے۔اب عوام کی نگاہیں سماج وادی پارٹی پر ہیں۔ایس پی سربراہ نے ضلع جونپور کے پولیس لائن میں میڈیا نمائندوں سے خطاب میں آئندہ انتخابات میں ایس پی کے 400سیٹوں پر کامیابی درج کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایس پی کے ساتھ مل کر بی جے پی حکومت کو بے دخل کریں گے۔جس طرح سے چھوٹی چھوٹی پارٹیوں نے ایس پی کا ساتھ دیا ہے اس سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ سال 2022 میں ایس پی کی حکومت بنے گی۔ عوام کی موجودگی سے پرجوش اکھلیش نے کہا کہ یہ لہر ہے اور اب تبدیلی یقینی ہے۔ایس پی سربراہ نے کسانوں کے مسئلے کو ایک بار پھر اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسانوں نے حکومت کو جھکنے پر مجبور کردیا۔بی جے پی کی قانون واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ اب بی جے پی کے دن ختم ہوگئے ہیں۔حکومت نے کسانوں کی توہین کی ہے۔حکومت نے کسانوں کی کسانی کو تباہ کردیا۔کسانوں کو کھاد نہیں مل رہا ہے۔ آمدنی دوگنی نہیں ہوئی۔مہنگائی سے آمد نی مزید کم ہوگئی ہے۔ اگر کمائی نہیں بچے گی تو بچت کیسے ہوگی۔مہنگائی نے عام لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ کے کل گاندھی جی کے خواب کو پورا کرنے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے قاتل کی حمایت کرنے والی پارٹی اب ہمیں بابائے قوم کے خواب پورا کرنے کی بات بتارہی ہے۔ بیانات دے کر لوگوں کو گمراہ کررہی ہے۔ سبھی لوگ جانتے ہیں کہ گاندھی کے نظریات سے بی جے پی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔انہوں نے بی جے پی اراکین پارلیمنٹ و اراکین اسمبلی کے گاؤں میں داخلے نہ پانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے نوجوانوں کو بے روزگار کردیا ہے۔انہیں نوکریاں نہیں دے پارہی ہے۔ بڑے بڑے امتحانات کے پرچے لیک ہورہے ہیں۔ انہوں نے یوگی کے مافیاؤں کے گھروں پر بلڈوزر چلانے کی کاروائی میں سوتیلا سلوک کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سوال کیا کہ آخر وزیر اعلی جونپور، بنارس، چندولی اور بھدوہی کے مافیاؤں کی فہرست کب جاری کریں گے۔جونپور میں بن رہے میڈیکل کالج کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کھنڈر کی شکل اختیار کرلیا ہے جو خود بیمار ہے جہاں بستر نہیں ہے وہ مریضوں کا کیا علاج کرے گا لیکن جلد بازی میں اس کا بھی افتتاح کردیا گیا ہے۔