چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار

چنئی،دسمبر ۔ہندستانی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر آج تمل ناڈو میں پہاڑی ضلع نیل گری میں کنور کے پاس حادثہ کا شکار ہوگیا جس سے فوج کے چار سینئر افسران کی موت ہوگئی۔ ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس بپن راوت اور 13 دیگر افراد سوار تھے۔فضائیہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ فضائیہ کا ایم آئی۔17 وی5 ہیلی کاپٹر تمل ناڈو میں کنور کے پاس آج حادثہ کا شکار ہوگیا۔ اس میں چیف آف ڈیفنس بپن راوت بھی سوار تھے۔ حادثے کی جانچ کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں 14 افراد سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر سولور سے ویلنگٹن کی جانب محو پرواز تھا۔تبھی اچانک اس میں آگ لگ گئی۔ حادثہ کا شکار ہیلی کاپٹر کے ملبے سے اب تک چار لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔تمام لاشیں بری طرح جلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت کرنا ممکن نہیں ہے۔اس حادثہ میں سنگین طور پر زخمی اور جھلسے ہوئے تین افسران کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ہیلی کاپٹر میں سوار بقیہ سات لوگوں کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔غیر مصدقہ رپورٹوں کے مطابق انڈین چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت بھی اس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔ ان کے بارے میں ابھی کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ موقع پر راحت رسانی اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔تمل ناڈو کے ہیلتھ سکریٹری ڈاکٹر جے رادھا کرشنن نے کہا کہ حادثے میں زخمی اور جھلسے ہوئے لوگوں کو طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی طبی ٹیم موقع پر بھیج دی گئی ہے۔اس درمیان وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے نیل گری ضلع کے کلکٹر سے بات کی۔ وہ آج شام جائے حادثہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔انہوں نے اس حادثہ میں زخمی افراد کو بہتر اور فوری علاج فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ کو ہدایات دیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمل ناڈو کے پولس ڈائرکٹر جنرل شیلندر بابوراحت و بچاؤ مہم کا جائزہ لینے کے لیے کوئمبٹور روانہ ہوگئے تھے۔ بچاؤ اور راحت کام میں تیزی لانے کے لیے ہندستانی فوج کی 15 رکنی ٹیم موقع پر جارہی ہے۔ زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرانے کے لیے کوئمبٹور اسپتال سے اسپیشل ٹیم کنور بھیجی گئی ہے۔تمل ناڈو کے وزیر جنگلات کے رام چندرن اس اسپتال پہنچ گئے ہیں جہاں جنرل راوت اور حادثے میں زخمی دیگر افراد کو داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں پانچ لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔

 

Related Articles