بابر اعظم نے آئی سی سی سے کیا درخواست کی؟
کراچی،مئی۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی سے کووڈ 19 کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران خاص طور پر بولروں نے چیلنجنگ صورتحال کا سامنا کیا ہے، اب چونکہ کووڈ 19 کی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہی ، بیک ٹو نارمل ہے تو ایسے میں کووڈ کی وجہ سے بنائی جانے والی پالیسی کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہر ملک میں مختلف صورتحال کا سامنا تھا کیونکہ ہر ملک کے کووڈ کے حوالے سے اپنی الگ الگ پالیسی تھی اور ان پالیسیز کو فالو کرنا پڑتا تھا، ہر ملک میں ایک الگ چیلنج تھا ، جیسے ہم نے نیوزی لینڈ میں 14 دن کا قرنطینہ کیا، ویسٹ انڈیز میں ہفتے کا قرنطینہ تھا جب کہ انگلینڈ میں پانچ روز کا قرنطینہ تھا۔بابراعظم کا کہنا تھاکہ میں ایک کپتان کی حیثیت سے اور بیٹر ہونے کے ناطے یہ کہنے میں عار محسوس نہیں کروں گا کہ کووڈ کے دنوں میں بولرز کو سب سیزیادہ کریڈٹ جاتا ہے ، انہوں نے اپنے حق میں قوانین نہ ہونے کے باوجود صورتحال کا سامنا کیا ہے، بال کو چمکانے کے لیے تھوک کی ضرورت پڑتی ہے ، اس سے بال سوئنگ ہوتی ہے لیکن وہ تھوک نہیں لگا سکتے تھے ، پسینے سے گیند اس طرح نہیں چمکتی جس طرح تھوک لگانے سے چمکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب سب کچھ بیک ٹو نارمل ہے کووڈ ختم ہو رہا ہے تو آئی سی سی کو اس طرف ضرور دیکھنا چاہیے اور گورننگ باڈی ضرور دیکھے گی اورصورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔