میرواعظ اشرف اے سی بی کے ورکنگ صدربنے
کابل، نومبر۔افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے میر واعظ اشرف کو اپنا ورکنگ صدرمقرر کیا ہے۔ افغانستان کے سابق آل راؤنڈر نے بورڈ میں ہنگامہ آرائی کے درمیان منگل کو چارج سنبھال لیا۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے اے سی بی کے ترجمان نے کہا کہ یہ تقرری اس کے آئین کے مطابق کی گئی ہے۔ بورڈ جلد انتخابی عمل مکمل کر لے گا۔اشرف نے چارج سنبھالنے کے فوراً بعد زور دیتے ہوکہا کہ بورڈ کی ترجیح انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور دیگر قومی بورڈز کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اعلان کیا کہ اے سی بی اس بات کو یقینی بنائے گا کہ افغانستان میں خواتین معمول کے مطابق کرکٹ کھیل سکیں۔ اشرف نے بدھ کو بورڈ کے مختلف شعبہ جات کے منیجرز کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری لڑکیاں معمول کے مطابق کرکٹ کھیلیں گی اور ہم انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے آئی سی سی کے رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اے سی بی عالمی ادارے کی ضروریات کو اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ آئی سی سی نے حال ہی میں اے سی بی کی حیثیت کے بارے میں رپورٹ کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔ وہیں اے سی بی کے سی ای او نصیب خان نے کہا کہ اے سی بی تین کروڑ افغان شہریوں کی توقعات پر پورا اترے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی دبئی میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے صدر سورو گنگولی کے ساتھ ان کی کامیاب میٹنگ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرکٹ کے دیگر ممالک کے حکام سے بھی ملاقات کی ہے تاکہ ان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تفصیل سے بات کی جا سکے۔قابل ذکر ہے کہ اشرف نے اپنے سات سالہ طویل بین الاقوامی کیریئر میں افغانستان کے لیے 46 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔ وہ اب عزیزاللہ فاضلی کی جگہ اے سی بی کے ورکنگ صدر کا عہدہ سنبھالیں گے، جنہوں نے اگست میں افغان حکومت کے تختہ پلٹ کے فوراً بعد عہدہ سنبھالا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ فضلی اور اشرف کا تعلق افغانستان میں طالبان کی زیر قیادت حکومت کے مختلف دھڑوں سے ہے۔