ریلائنس انڈسٹریز یواے ای میں ہونے والی ٹی-20 لیگ میں ٹیم خریدے گی

ممبئی، نومبر۔آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز کے مالک ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والی آئندہ ٹی 20 لیگ میں ٹیم خریدنے کی تصدیق کی ہے۔ممبئی انڈینز کے مالک آکاش امبانی نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا، ’’ہمیں ممبئی انڈینز کے طورپر اعلیٰ اقداروالی ایک عالمی فرنچائز بنانے اور ہندوستانی کرکٹ کے لئے تعاون کرنے پر بے حد فخر ہے۔ ہمیں بالکل اسی طرح متحدہ عرب امارات میں ایک اور کامیاب برانڈ بنانے کا یقین ہے۔ ہم اپنے تجربے سے یو اے ای کرکٹ کو فائدہ پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سیکریٹری مبشر عثمانی نے ممبئی انڈینز کی یو اے ای ٹی ٹوئنٹی لیگ کے ساتھ جڑنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیاہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا، ’’یواے ای ٹی-20 لیگ میں معروف کاروباری گھرانوں کی طرف سے دکھایا گیا اعتماد انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ ہم ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے ایک فرنچائزی کے مالک کے طور پر اس وابستگی سے خوش ہیں۔ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے آپریشن میں پیشہ وررویہ، فرنچائزی کرکٹ میں سب سے کامیاب ٹیم کوایک ساتھ رکھنے میں ان کی کامیابی اوران کے جنون کو دیکھنے کے بعد ہمیں مکمل اعتماد ہے کہ یہ تعاون ریلائنس انڈسٹریز لیمیٹڈ اورلیگ دونوں کے لئے مفید ہوگا اوریواے ای میں کرکٹ کی ترقی میں تعاون کرے گا۔لیگ کے ایک اہلکار نے اس بارے میں کرک انفو کو بتایا، "کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے مالک بھی ٹیم خریدنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ ممکنہ طور پر مانچسٹر یونائیٹڈ کے مالک گلیزر فیملی، کیپری گلوبل، بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کے مالک اور دہلی کیپٹلز کے شریک مالک کرن کمار گراندھی کی بھی ایک ٹیم اس لیگ میں کھیلے گی۔ قابل ذکر ہے کہ نائٹ رائیڈرز گروپ کی سی پی ایل (کیریبین پریمیئر لیگ) میں بھی ایک ٹیم (ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز) ہے اور دسمبر 2020 میں اس نے امریکہ میں ہونے والے میجر لیگ کرکٹ مقابلے میں اہم حصہ داری خریدی تھی۔سمجھا جاتا ہے کہ چھ ٹیموں والی اس لیگ کو ای سی بی نے منظوری دے دی ہے اور اس کے جنوری اور فروری ونڈوز میں انعقادکا منصوبہ بنایاجارہا ہے، حالانکہ امکان ہے کہ اس کا پہلا سیزن فروری مارچ 2022 میں کھیلاجائے گا۔

Related Articles