2025 چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کے دورہ پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ حکومت ہند کرے گی: ٹھاکر
نئی دہلی، نومبر ۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان کو 2025 چیمپئنز ٹرافی کے حقوق دینے کے ٹھیک ایک دن بعد، حکومت ہند نے عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بارے میں خدشات ظاہر کیے ہیں۔ ہندوستان کے وزیر کھیل اور بی سی سی آئی کے سابق صدر انوراگ ٹھاکر نے بدھ کے روز کہا کہ ہندوستانی حکومت آٹھ ٹیموں کے عالمی ٹورنامنٹ کے لئے ٹیم انڈیا سفر کرے گی یا نہیں ، اس پر حتمی فیصلہ لینے سے پہلے پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال پر نظر رکھے گی۔ ٹھاکر نے بدھ کے روز دہلی میں نامہ نگاروں سے کہا، حکومت ہند – وزارت داخلہ ، پہلے بھی اس طرح کے انعقاد کے لئے فیصلہ کر چکی ہے۔ جب ایسے عالمی ٹورنامنٹ ہوتے ہیں تو معاملے پر غور کرنا پڑتا ہے۔ ماضی میں بھی، آپ نے دیکھا ہوگا کہ بہت سے ممالک وہاں (پاکستان) جانے اور کھیلنے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں کیونکہ وہاں حالات معمول نہیں ہیں، وہاں سیکیورٹی سب سے بڑا چیلنج ہے، جیسا کہ ماضی میں ٹیموں پر حملہ کیا گیا تھا، جو کی باعث تشویش ہے ۔ اس لئے جب وقت آئے گا، تب حکومت ہند حالات کی بنیاد پر کوئی فیصلہ کرے گی۔ 1996 کےون ڈے ورلڈ کپ کے بعد سے چیمپئن ٹرافی پہلا آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے جس کی میزبانی پاکستان میں کی جائے گی۔ 2008 کے ایشیا کپ کے بعد ٹیم انڈیا نے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی۔ دونوں پڑوسیوں نے پاکستان میں کوئی باہمی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔