پاکستان نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی ، سیریز میں 0-2 کی ناقابل تسخیر برتری

ڈھاکہ، نومبر۔ سلامی بلے باز فخر زمان (57) کی ناٹ آوٹ سنچری کی بدولت پاکستان کرکٹ ٹیم نے یہاں سنیچر کے روز دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں میزبان بنگلہ دیش کو یکطرفہ انداز میں آٹھ وکٹوں سے شکست دی ۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں دو۔صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 108 رن بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے 18.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 109 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ گیندبازوں کے علاوہ پاکستان کی جیت کے ہیرو سلامی بلے باز فخر زمان رہے جنہوں نے 51 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ نصف سنچری اننگز کھیلی۔ ان فارم بلے باز محمد رضوان نے بھی 45 گیندوں پر 39 رن بنائے۔ اس سے قبل شاندار اور کفایتی گیندبازی کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کو 108 کے معمولی اسکور پر روکا ۔ تیزگیندباز شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں 15 رن دے کر 2، شاداب خان نے 4 اوورز میں 22 رن دے کر 2، محمد وسیم جونیئر نے 3 اوورز میں 9 رن پر ایک وکٹ، حارث رؤف نے 3 اوورز میں 13 رن دے کر ایک اور محمد نواز نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم بلے بازی کے بعدگیندبازی میں بھی ناکافی نظر آئی۔ بلے بازوں نےایک طرف جہاں مایوس کیا، دوسری طرف کوئی بھی گیند باز متاثر کن گیندبازی نہ کرسکا۔ بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے آٹھ گیندبازوں کا استعمال کیا، جس میں صرف مستفیض الرحمان اور امین الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس شکست کے ساتھ ہی میزبان بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ہار گیا ہے۔ پاکستان کو سیریز میں اب دو-صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل ہے۔ پاکستان پیر کے روز یہاں ہونے والے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش کو کلین سویپ کرنا چاہے گا، دوسری طرف بنگلہ دیش ساکھ بچانے کی کوشش کرے گا۔

 

Related Articles