انڈین اوپن کا شیڈول جاری، سری کانت اور کین یو میں سخت مقابلہ

نئی دہلی، دسمبر۔اسپین کے ہیلووا میں حال ہی میں ختم ہوئی بی ڈبلیو ایف ورلڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2021 کے فاتح لوہ کین یو اور نقرئی تمغہ فاتح کدامبی سری کانت 11 سے 16 جنوری تک دہلی میں منعقد ہونے والے یونیکس-سن رائز انڈیا اوپن 2022 ٹورنامنٹ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہو سکتے ہیں۔بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا (بی اے آئی) نے جمعرات کے روز ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ٹاپ سیڈ سری کانت، جنہوں نے حال ہی میں عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 10 میں جگہ بنائی ہے، اور سنگاپور کے کین یو کو ایک ہاف میں رکھا گیا ہے۔ ایسی صورت حال میں دونوں کھلاڑیوں کے ممکنہ مینز سنگلز سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہونے کا امکان ہے۔ دوسرے ہاف میں فارم میں کھیل رہے لکشیا سین مصر کے ادھم ایلگمل کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے۔ آخری آٹھ مرحلوں میں ان کا مقابلہ ہم وطن اور عالمی چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنلسٹ ایچ ایس پرنے سے ہونے کا امکان ہے۔ پرنے اسپین کے پابلو ابیان کے خلاف اپنے چیلنج کی شروعات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ، سیکنڈ سیڈ بی سائی پرنیت بھی سال کا آغاز اعلیٰ سطح پر کرنا چاہیں گے کیونکہ وہ شروعاتی راؤنڈ میں اسپین کے لوئس پنالور سے مقابلہ کریں گے اور کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ انڈونیشیا کے ٹامی سوگیارتو سے ہو سکتا ہے۔خواتین کے سنگلز میں، ٹاپ سیڈ پی وی سندھو ہم وطن سری کرشنا پریا کدراویلی کے خلاف نئے سال کے پہلے خطاب کے لیے اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ آخری آٹھ مرحلے میں ان کا مقابلہ پانچویں سیڈ روسی ایوجینیا کوسیٹسکایا سے ہونے کا امکان ہے۔ دوسری طرف، ہندوستانی بیڈمنٹن کے شائقین کو سندھو اور سابق عالمی نمبر ایک سائنا نہوال کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جنہیں نسبتاً مشکل ڈرا ملا ہے۔ لندن اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے اور چوتھی سیڈ نہوال کا کوارٹر فائنل میں ساتویں سیڈ امریکہ کی آئرس وانگ اور سیمی فائنل میں سیکنڈ سیڈ بوسانان اونگبامرنگفن سے مقابلہ ہوگا۔ وہیں چراغ شیٹی اورساتوک سای ئراج رنکیریڈی کی ٹاپ ہندوستانی مردکی ڈبلز جوڑی جنہیں مردوں کے ڈبلز ڈرا میں دوسری سیڈ ملی ہے اور وہ ہم وطن روی اور چراغ اروڑا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔ ان کا ممکنہ طور پر آخری چار مرحلے میں انگلینڈ کے بین لین اور شان وینڈی کی چوتھی سیڈ جوڑی سے مقابلہ ہوگا۔ خواتین کے ڈبلز میں اشونی پونپا اور این سکی ریڈی کی دوسری سیڈ جوڑی کے لیے آخری آٹھ میں راستہ آسان ہوگا۔ تاہم، بی سُمت ریڈی کے ساتھ کھیلتے ہوئے، پونپا کو مکسڈ ڈبلز میچ میں سخت چیلنج کا سامنا ہوگا کیونکہ انہیں اپنے پہلے راونڈکے میچ میں روڈین الیموف اور الینا ڈیولیٹووا کی دوسری سیڈ یافتہ روسی جوڑی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ واضح رہےکہ کورونا وبا کی وجہ سے دو سال کے طویل وقفے بعد ورلڈ ٹور سپر 500 ٹورنامنٹ کا 11 واں ایڈیشن سخت کووڈ19 پروٹوکال کے تحت اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم کے کے ڈی جادھو انڈور ہال میں شائقین کی غیر موجودگی میں منعقد کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 400,000 امریکی ڈالر کی انعامی رقم ہوگی۔

Related Articles