ایس ایس پی سری نگر نے معمر شہری کو ایک لاکھ روپیہ دئے
سری نگر، نومبر۔ جموں وکشمیر کے گرمائی دار لخلافہ سری نگر کے پائین شہر کے بہوری کدل چوک میں نامعلوم چوروں نے چنے اور مٹر بیچنے والے معمر شہری عبدالرحمن سے ایک لاکھ روپیہ کی رقم لوٹ کر راہ فرار اختیار کی۔ ایس ایس پی سرینگر سندیپ چودھری نے اپنی جیب سے معمر شہری کو ایک لاکھ روپیہ دینے کا اعلان کیا ۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ’معمر شہری سے ایک لاکھ روپیہ کی رقم لوٹنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔انہوں نے کہاکہ کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر گرفتا ر کیا گیا اور اس حوالے سے عنقریب ہی پیش رفتہ ہونے کا امکان ہے۔ مذکورہ پولیس آفیسر نے بتایا کہ ایس ایس پی سرینگر سندیپ چودھری کی ہدایت پر مذکورہ شہری کو ایک لاکھ روپیہ کی رقم فراہم کی گئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چوری کی اس واردات میں ملوث افراد کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے اور اُنہیں بہت جلد سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔ معمر شہری عبدالرحمن نے اپنی روداد سناتے ہوئے بتایا کہ ’گزشتہ روز نامعلوم چوروں نے زبردستی جیب سے ایک لاکھ روپیہ کی رقم لوٹ کر زد کوپ کرنا شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ اب چونکہ وہ بوڑھے ہو چکے ہیں لہذا آخری رسومات کی ادائیدگی کی خاطر ایک لاکھ روپیہ کی رقم جمع کی تھی جو چوری نے لوٹ لی ہے۔عبدالرحمن کے مطابق زندگی کے آخری مرحلے پر کسی پر بوجھ نہ بنوں اس کیلئے کئی سالوں تک چنے، مٹر اور چلغوزے بھیج کر ایک لاکھ روپیہ کی رقم جمع کی تھی تاکہ ان پیسوں سے کفن دفن کا انتظام ہوسکے۔جب مذکورہ معمر شہری سے سوال کیا گیا کہ شادی کیوں نہیں کی تو اُس نے کہا کہ تین بہنوں کی شادی کے بعد اُس کے دل و دماغ سے اپنا گھر بسانے کی چاہت ختم ہوئی اور خود داری اور خود اعتمادی کا دامن تھام کر سالہا سال سے بہوری کدل چوک میں چنے اور مٹر بیچ کر اپنی کفالت کر رہا ہوں۔عوامی حلقوں اور مقامی لوگوں نے ایس ایس پی سرینگر کی جانب سے اپنی جیب سے معمر شہری کو ایک لاکھ روپیہ کی رقم دینے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ واقعی میں پولیس آفیسر نے انسانیت کا ثبوت فراہم کیا ہے۔