غریب بچوں کی تعلیم کیلئے پرانے لیپ ٹاپس پر بہتر ردعمل:گورنرتلنگانہ

حیدرآباد،نومبر۔گورنرتلنگانہ ڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن نے کہا ہے کہ غریب بچوں کی تعلیم کے لئے پرانے لیپ ٹاپس کو غریب بچوں کے لئے عطیہ کرنے کی ان کی اپیل پر بہتر ردعمل سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب طلبہ،آن لائن تعلیم سے دورنہ رہیں۔آن لائن تعلیم کے حصول کے لئے لیپ ٹاپس نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب طلبہ کو پرانے استعمال شدہ لیپ ٹاپس حوالے کرنے سے متعلق ان کی اپیل پر بہتر ردعمل سامنے آیا ہے۔دہلی پبلک اسکول کی جانب سے ایسے 50پرانے استعمال شدہ لیپ ٹاپس فراہم کئے گئے ہیں۔گورنر نے اسکول کے انتظامیہ کو اس خصوص میں مبارکباد پیش کی اور عوام پر زوردیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس سلسلہ میں آگے آتے ہوئے غریب بچوں کی تعلیم کے لئے مددگاربنیں۔گورنر نے اس خصوص میں کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا کہ ہمیں دریادل افراد سے بہتر ردعمل مل رہا ہے۔غیر استعمال لیپ ٹاپس،ٹیبس یا موبائلس کو عطیہ کے لئے راج بھون کے ڈونیٹ ڈیوائس مہم کا حصہ بنیں۔

Related Articles