وزیراعلیٰ نے پنجاب پہنچتے ہی الیکشن کے خاکہ پرغوروخوض کیا

چنڈی گڑھ ,اکتوبر۔ پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت چنی نے کل دہلی سے واپس آنے کے بعد آج انہوں نے ریاستی انچارج ہریش چودھری سے تقریباً ایک گھنٹہ ملاقات کی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کانگریس ہائی کمان نے اب انتخابی روڈ میپ تیار کرنے کی ذمہ داری مسٹر چنی کوسونپی ہے کیونکہ ہائی کمان نے موجودہ حالات میں ان پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے اگلے سال کے آغاز میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کام میں ان کے وزراء اور پارٹی تنظیم کے رہنما بھی ان کا ساتھ دیں گے۔ فی الحال انتخابات میں وقت کم ہونے کی وجہ سے حکمت عملی بنانے کا کام شروع ہو گیا ہے اور آج مسٹر چودھری کے ساتھ ان کی میٹنگ ہوئی۔ ریاست میں انتخابات کی کمان بھی مسٹر چنی کے حوالے کئے جانے کااشارہ ملتے ہی مسٹر چنی کی پریشانی بڑھ گئی ہے اور انہوں نے اپنے ساتھیوں سے تعاون طلب کیا ہے۔ مسٹر چنی نے ہر اسمبلی حلقہ کے لیے حکمت عملی طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وہ ہر حلقے کے ایم ایل اے سے ملاقات کریں گے اور وہاں کے حالات پر تبادلہ خیال کریں گے تاکہ انتخابات میں جیت کے لیے پوری محنت کی جاسکے۔ مسٹرچنی نے ہائی کمان کو مکمل یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تمام ایم ایل اے ، وزراء اور پارٹی تنظیم کو ساتھ لے کر پارٹی کوکامیابی دلانے کے لئے کام کریں گے۔ ہائی کمان نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے مسٹر چنی کو اس ہفتے دو بار دہلی طلب کیا کیونکہ سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کے نئی پارٹی بنانے کے اعلان اور غیرکانگریسی جماعتوں اوراکالی دل سے الگ ہوئی پارٹیوں کے ساتھ انتخابی تال میل کرنے کی بات کہہ چکے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ انتخابی تال میل کی بات کہہ کانگریس کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔

Related Articles