چوتھی باروزیراعلی بنوں یا نہ بنوں لیکن اگلی بارکانگریس سرکار ضرورآئے گی : گہلوت
بیکانیر، اکتوبر۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ ہمارا یہ فرض ہے کہ عوام کوراحت ملے۔ اس طرح کی مہم سے متعلق کیمپوں کا انعقاد کر کے تمام 21 محکموں سے براہ راست رابطہ ہوتا ہے اور کام ہوتا ہے۔ مسٹرگہلوت آج بیکانیر کے نزدیک لکھاسر گاؤں میں منعقدہ ’پرشاسن گاؤں کےسنگ‘ مہم کا مشاہدہ کرنے کے بعد گاؤں والوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے پنڈال میں موجود گاؤں والوں سے کہا کہ آپ کے آشیرواد سے میں تین بار وزیر اعلیٰ بنا ہوں ، اس بات کا مجھے احساس ہے، میں چوتھی بار وزیر اعلیٰ بنوں یا نہیں لیکن اگلی بار بھی کانگریس کی سرکار ہی بنے گی ۔ کیونکہ پانچ سال سرکار جو بھی سکیمیں لاتی ہے، اسے عملی جامہ پہنانے میں کچھ وقت لگتا ہے اور سرکار بدلتے ہی منصوبے ٹھپ ہو جاتے ہیں ، اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ اگر حکومت دوبارہ آئے تو اسکیموں کا عوام کو فائدہ ملے گا۔مسٹرگہلوت نے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوام کو اسکیموں کی جانکاری وقتاً فوقتاً حاصل کرتے رہنا چاہیے، تب ہی ہم انتظامیہ کو عوام تک بھیجتے ہیں، تب ہی ہمارے کیمپ کامیاب ہوں گے۔