جموں و کشمیر کے اندر اور باہر کشمیری طلبا کے خلاف کریک ڈاؤن قابل مذمت: محبوبہ مفتی
سری نگر، اکتوبر ۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آگرہ کے ایک کالج میں پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار تین کشمیری طلبا کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے اندر اور باہر کشمیری طلبا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جعلی حب الوطنی سے ہندوستان کے تصور کی تحقیر ہوجاتی ہے۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ان کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا: ’ کشمیری طلبا کے خلاف جموں و کشمیر کے اندر اور باہر جاری کریک ڈاؤن قابل مذمت ہے۔ دو برسوں کے جبر کے بعد جموں وکشمیر کی صورتحال حکومت ہند کے لئے چشم کشا ہونی چاہئے تھی اور انہیں اصلاحی اقدام کرنے چاہئے تھے۔ بی جے پی کی جعلی حب الوطنی سے ہندوستان کے تصور کی تحقیر ہوجاتی۔ ان طلبا کو فوری طور رہا کریں‘۔بتادیں کہ آگرہ کے ایک انجینئرنگ کالج میں تین کشمیری طلبا کو پاکستان کی ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیت کے بعد پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔وادی کشمیر میں بھی پاکستان کی جیت کا جشن منانے کے الزام میں دو میڈیکل کالجوں کے طلبا کے خلاف مقدمے درج کئے گئے ہیں۔