اقلیتی فرقوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے: مختار عباس نقوی
سری نگر، اکتوبر۔مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کا کہنا ہے کہ اقلیتی فرقے سے وابستہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے مرتکبین کو ڈھونڈ کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگ ٹریرزم کی بجائے ترقی چاہتے ہیں۔موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع سیاحتی مقام دودھ پتھری کے دورے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: ’سری نگر میں اقلیتی فرقے سے وابستہ دو اساتذہ کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک ہے۔ اقلیتی فرقوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے جو لوگ بھی اقلیتی فرقے سے وابستہ شہریوں کی ہلاکت میں ملوث ہیں ان کو چوہے کی بل سے نکال کر حساب کتاب لیا جائے گا‘۔ان کا کہنا تھا: ’جموں وکشمیر کے لوگ ٹریرزم کی بجائے ترقی چاہتے ہیں جو لوگ ٹریرزم کے راستے پر چل کر اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا‘۔موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ آزدی کے بعد جو ترقی جموں وکشمیر میں ہونی چاہئے تھی وہ نہیں ہوئی ہے تاہم ہم لوگوں کی بات سنتے ہیں اور یہ دیکھتے ہیں کہ ترقی کے بارے میں حکومت کیا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔