یوپی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ
لکھنؤ، مئی۔ اتر پردیش میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جمعرات کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہوگئی۔ اس مرحلے میں نو بلاکوں کے 37 اضلاع میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی جو شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔ پہلے مرحلے میں 10 میونسپل کارپوریشنوں میں میئر کے عہدے کے لیے ای وی ایم کے ذریعے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، جب کہ 104 میونسپل کونسل کے صدور اور 276 نگر پنچایت صدور، 830 کارپوریٹر، 2776 میونسپل کونسلر اور 3682 نگر پنچایت ممبران کے لیے بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں دس کارپوریٹر، ایک ضلع پنچایت اور ایک میونسپلٹی صدر اور 73 ممبران پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔اس مرحلے میں شامل نو بلاکوں میں سہارنپور، مراد آباد، آگرہ، جھانسی، پریاگ راج، لکھنؤ، گورکھپور، وارانسی اور دیوی پٹن شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں شاملی، مظفر نگر، سہارنپور، بجنور، امروہہ، مرادآباد، رام پور، سنبھل، آگرہ، فیروز آباد، متھرا، مین پوری، جھانسی، جالون، للت پور کوشامبی، پریاگ راج، فتح پور، پرتاپ گڑھ، اناؤ، ہردوئی، لکھنؤ، بریلی، سیتا پور، لکھیم پور کھیری، گونڈہ، بہرائچ، بلرام پور شراوستی، گورکھپور، دیوریا، مہاراج گنج کشی نگر، غازی پور، وارانسی، چندولی اور جونپور میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔