دھون کی اننگز بہترین ٹی -20اننگز میں سے ایک: لارا
نئی دہلی، اپریل ۔ سن رائزرس حیدرآباد کے کوچ برائن لارا نے ان کی ٹیم کے خلاف پنجاب کنگز کے کپتان شکھر دھون کی اننگز کو اب تک کی بہترین ٹی 20 اننگز میں سے ایک قرار دیا۔ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرتے ہوئے پنجاب نے 20 اوور میں 143/9 رنز بنائے۔ جب کہ پنجاب کے دیگر بلے باز بری طرح ناکام رہے، کپتان دھون نے اپنی ٹیم کے لیے اکیلے جدوجہد کی اور ٹیم کے لئے 66 گیندوں پر ناٹ آوٹ 99 رنز بنائے۔لارا نے انڈین پریمیئر لیگ کے آفیشل براڈکاسٹرز کو بتایا، مجھے شکھر دھون کی تعریف کرنی چاہئے ۔ میرے خیال میں، یہ اب تک کی ٹی 20 کرکٹ کی بہترین اننگز میں سے ایک تھی۔ دھون کو کچھ دیر کے لیے سیم کرن کا ساتھ ملا لیکن وہ بھی 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ پنجاب کے 88 رن پر نو وکٹ گرنے کے بعد، دھون نے آخری پانچ اوور خود کھیلے اور ٹیم کو باعزت اسکور تک لے گئے۔لارا نے کہا کہ جس طرح انہوں نے اننگز کوآگے بڑھایا اور کھیل کو مکمل طور پر کنٹرول کیا وہ لاجواب تھا۔لارا کے ہم وطن کرس گیل نے بھی ان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دھون سنچری کے مستحق تھے لیکن بدقسمتی سے صرف ایک رن سے محروم ہو گئے۔گیل نے کہا، شکھر نے اپنی ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن جب آپ کی ٹیم مسلسل وکٹیں گنواتی ہے، تو محتاط انداز میں کھیلنے کے ساتھ ہی 99 رنز بنانا آسان نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا، میرے خیال میں وہ سنچری کے مستحق تھے۔ یہ آئی پی ایل میں بھی اب تک کی بہترین اننگز میں سے ایک ہے۔