کوچ مارکیز سیزن کے بعد حیدرآباد ایف سی چھوڑ دیں گے

حیدرآباد۔مارچ۔ حیدرآباد فٹبال کلب کے ہیڈ کوچ مانولو مارکیز 2022-23 سیزن کے اختتام پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔ 2021-22 کے سیزن میں حیدرآباد کو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کا خطاب جیتنے والے ہسپانوی کوچ نے کلب چھوڑنے کے اپنے فیصلے کی پیشگی اطلاع دی۔مارکیز اپنی میعاد ختم ہونے سے پہلے آنے والے سپر کپ میں حیدرآباد ایف سی کے ساتھ ہوں گے۔حیدرآباد ایف سی کے مالک ورون تری پورنی نے کہا ’’کلب نے مانولو کے تحت پچھلے تین سیزن ناقابل یقین رہے ہیں۔ ایچ ایف سی کے تمام ممبران کی جانب سے، میں مونولو کے بے پناہ تعاون کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے کلب کو لیگ میں بہترین میں سے ایک بنادیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’مانولو نے ہمیں فروری کے آغاز میں کلب چھوڑنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا، جس سے ہمیں مناسب متبادل تلاش کرنے کے لیے کافی وقت ملا۔ یہ کلب کے لیے ان کے احترام کو ظاہر کرتا ہے‘‘۔مارکیز نے اپنے فیصلے کے بارے میں کہا ’’حیدرآباد کے ساتھ پچھلے تین سیزن شاندار اور غیر معمولی رہے ہیں۔ اس کے لیے میں کلب کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ ابھی سیزن ختم نہیں ہوا ہے۔ سپر کپ ایک بہت اہم مقابلہ ہے جہاں ہم مقابلہ کرنا اور جیتنا چاہتے ہیں۔‘‘اگست 2020 میں مارکیز کی آمد کے بعد سے، ایچ ایف سی نے پچھلے تین سیزن میں مسلسل بہتری کی ہے۔ کلب 2020-21 کے آئی ایس ایل سیزن میں 29 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، 2021-22 میں 38 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور 2022-23 میں 42 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جو حیدرآباد ایف سی کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔حیدرآباد ایف سی مارکیز کے متبادل پر غور کر رہی ہے اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کرے گی۔

 

Related Articles