جوکووچ اور نڈال کوارٹرفائنل میں
روم ،دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اور چوٹی سیڈ یافتہ سربیا کے نوواک جوکووچ اور دفاعی چیمپئن اسپین کے رافیل نڈال نے جمعہ کے روز مسلسل سیٹوں میں اپنے اپنے مقابلے جیت کر اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔
جوکووچ نے اپنے ہم وطن فلپ کرزینووچ کو 7-6 (7) ، 6-3 سے ہرا یا جبکہ نڈال نے سربیا کے کھلاڑی دوسن لاجووچ کو 6-1،6-3 سے شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنائی۔
چار مرتبہ کے اٹلی کے اوپن چیمپیئن جوکووچ نے مسلسل 14 ویں سال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ جوکووچ کی اے ٹی پی ماسٹرز 1000 ٹورنامنٹس میں 61 میچوں میں 52 ویں جیت تھی۔ اس سال 29 میچوں میں یہ 28 ویں جیت ہے۔ جوکووچ کا اگلا مقابلہ جرمنی کے ڈومینک کوفر سے ہوگا۔
اس سے قبل موستی نے تین مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن اور دنیا کے سابق نمبر تین کھلاڑی سوئزرلینڈ کے اسٹینلاسلاس واورنکا کو پہلے راونڈ میں جاپان کے تجربہ کار کھلاڑی کیی نشیکوری کو دوسرے راونڈ میں شکست دی تھی۔
نڈال کا آخری آٹھ میں ارجنٹینا کے ڈیگو شرواٹزمین سے مقابلہ ہوگا۔ چوتھی سیڈ یافتہ اٹلی کے ماتوو بیریٹنی نے اپنے ہم وطن کھلاڑی اسٹیفنو ٹریواگالیا کو شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنائی ہے ان کا مقابلہ ناروے کے کیسپر روڈ سے ہوگا۔ کناڈا کے ڈینس شاپووالوف اور گریگور دیمترووف بھی کوارٹرفائنل میں پہنچ گئے ہیں۔