کشمیری پنڈت سنجے شرما کے قتل میں ملوث ملی ٹینٹ مارا گیا : وجے کمار
پولیس،28فروری۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پدگام پورہ اونتی پورہ تصادم میں مارا گیا ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث تھا۔اے ڈی جی پی وجے کمار کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ ٹی آر ایف نامی ممنوع تنظیم کے ساتھ وابستہ تھا اور وہ سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث رہا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پدگام پورہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت عاقب مشتاق بٹ ساکن پلوامہ کے بطور ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا۔اُن کے مطابق عاقب مشتاق نے پہلے حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں ٹی آر ایف نامی ممنوع تنظیم میں شامل ہوئے۔بتادیں کہ اتوار کی صبح پلوامہ کے اچھن گاوں میں ملی ٹینٹوں نے کشمیری پنڈت سنجے شرما پر اُس وقت فائرنگ کی جب وہ اہلیہ کے ہمراہ ہسپتال کی طرف جا رہا تھا۔