بی جے پی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہاراشٹرا کے کسانوں کو پیاز سڑکوں پر پھینکنے کی نوبت آگئی: ناناپٹولے
ممبئی،فروری ۔:بی جے پی کی کسان مخالف سوچ اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہ گئی ہے۔اس کی تازہ مثال ریاست کی بی جے پی حکومت ہے جس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کسان برباد ہورہے ہیں۔ روئی، سویا بین کی قیمتیں نہیں مل رہی تھیں کہ اب پیاز کی قیمت بھی کم ہوگئی۔صورت حال یہ ہے کہ کھیت سے پیاز نکالنے کی قیمت بھی اب کسانوں کو نہیں مل پارہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کسان پیاز اپنے کھیتوں میں ہی سڑانے پر مجبور ہورہے ہیں۔ایسی صورت میں کسانوں کو راحت ملنا نہایت ضروری ہے جس کے لیے حکومت کو پیاز کے اوپر سے عائد برآمد کی پابندی کو فوری طور پر ختم کرنا چاہئے۔ یہ مطالبہ آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے۔اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت میں کسانوں کی حالت نہایت قابل رحم ہوچکی ہے۔ یہ بات اب صاف ہوچکی ہے کہ بی جے پی ومودی حکومت کسانوں کے لیے نہیں بلکہ چند صنعتکاروں کے لیے کام کررہی ہے۔ یہ حکومت صنتعکاروں کے کروڑوں روپئے کے قرض معاف کررہی ہے لیکن کسانوں کے دینے کے لیے اس کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ فی الوقت بازار میں پیاز کی قیمت گرچکی ہے۔ بازاروں میں پیاز کی قیمت چارسے پانچ روپئے مل رہے ہیں۔ اتنے پیسوں میں پیاز پیدا کرنے کی قیمت بھی نہیں نکل پارہی ہے۔ پیاز کی اتنی کم قیمت دیکھ کر کسان زبردست پریشانی میں مبتلا ہوچکے ہیں لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس سے اس حکومت کے تئیں کسانوں میں زبردست ناراضگی پیدا ہورہی ہے۔پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دوران، پیاز، سویا بین اور روئی کی قیمت نہیں ہے۔ وہ کسان جو پہلے ہی مالی بحران میں گرفتار ہیں اور اس میں مارکیٹ میں کم قیمتوں نے کسانوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع شولا پور میں ایک کسان کی 500کلو پیاز کی قیمت ایک روپئے کلوکے حساب سے ملے جبکہ پورا خرچ نکال کر صرف دو کلو روپئے کا چیک اس کے ہاتھ میں دیا گیا۔یہ نہایت ظالمایہ لطیفہ ہے۔ پچھلے سال پونے ضلع کے جنر تعلقہ کے ایک نوجوان کسان نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر ایک خط بھیج کر خودکشی کرلی تھی۔ ویدربھ میں کسانوں کی خودکشیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کسان نہایت مشکل صورتحال دوچار ہیں، لیکن بی جے پی کے پاس کسانوں کے مسائل پر توجہ دینے کا وقت نہیں ہے۔نانا پٹولے نے متنبہ کیا ہے کہ کسانوں کی پیداوار پیاز، روئی اور سویابین وغیرہ کو مناسب قیمت ملنی ہی چاہئے وگرنہ بی جے پی حکومت کو کسانوں کی ناراضگی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہئے۔