کسانوں سے بی جے پی کے وعدے کھوکھلے ثابت ہوئے: اکھلیش
لکھنؤ، جنوری۔سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں کسانوں کا ہر طرح سے استحصال کیا جا رہا ہے اور کسانوں کے ساتھ جو وعدے کئے گئے وہ سب کھوکھلے ثابت ہوئے۔ کسانوں کو ووٹ حاصل کرنے کے سارے دلکش خواب دکھا کر بی جے پی نے انہیں ان کے حال پر بھٹکنے کے لیے کھلا چھوڑ دیا ہے۔ اس سے کسان سخت ناراض ہیں۔مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی کسانوں کو قرض معافی، بجلی میں راحت، ان کی آمدنی دوگنی کرنے کی یقین دہانی کے ان تمام وعدوں کو بھول گئی ہے۔ کسانوں کو امید تھی کہ انہیں ان کی فصل کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) ملے گی۔ کسانوں کو گنے کی قیمت کے بقایا جات نہیں مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قنوج کے کسان آلو کے بعد ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی سے پریشان ہیں۔ سردیوں میں ٹماٹر کے پودوں کی حفاظت کے لیے دوا کے بار بار چھڑکاؤ کرنے سے فصل کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمتیں کسانوں کو رلا رہی ہیں۔ چندولی، بلرام پور وغیرہ اضلاع میں دھان کی خریداری انتہائی سست رفتاری سے کی جارہی ہے۔ زیادہ تر خریداری مراکز میں کسانوں کو گمراہ کرنے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔پارٹی صدر نے کہا کہ انتخابات سے پہلے بی جے پی نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ آوارہ مویشیوں کا مسئلہ ختم کرے گی۔ عوام سے ووٹ لے کر بی جے پی اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ کسان سردی میں ساری رات جاگتا اور کھیتوں کی پہرہ داری کرتا ہے۔ آوارہ جانور کسان کی فصل کو تباہ کر رہے ہیں۔ گوشالوں میں گائے کی اس سے بھی زیادہ حالت زار ہے۔ بڑی تعداد میں گائے مر چکی ہیں۔ بیل کے حملوں سے لوگ مرتے جا رہے ہیں۔ کتنے ہی بے گناہ مارے جا چکے ہیں۔