ہندستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے صرف 187 رن کا ہدف دیا

میرپور،  دسمبر۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم 41.2 اوور میں 186 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ہندستانی کپتان روہت شرما اور بائیں ہاتھ کے بلے باز شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا اور پانچویں اوور میں ہندستان کی پہلی وکٹ صرف 23 رن پر شیکھر دھون کی شکل میں گری۔ شیکھر دھون سات رن بنا کر مہدی حسن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ ہندستان کی جانب سے وراٹ کوہلی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور روہت اور کوہلی نے مل کر ٹیم کا اسکور 48 رن تک پہنچایا جہاں ہندستان کی دوسری وکٹ دسویں اوور کی دوسری گیند پر روہت شرما کی شکل میں گری۔ روہت شرما 27 رن بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ہندوستانی کپتان نے 31 گیندوں پر 27 رن بنائے جن میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد دسویں اوور کی چوتھی گیند پر شکیب الحسن نے وراٹ کوہلی کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔ کوہلی جب آؤٹ ہوئے تو ان کا اسکور ڈبل فیگر کو بھی عبور نہ کر سکا، وہ صرف نو رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ہندستان نے اپنے اوپنر اور وراٹ کوہلی کی وکٹ 49 رن پر گنوا دی تھی۔ شریاس ایر اور وکٹ کیپر کے ایل راول نے وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کی اننگز کو سنبھالا، لیکن ہندوستان نے 92 کے اسکور پر چوتھی وکٹ گنوادی۔ شریاس ایر نے 39 گیندوں پر 24 رن بنائے جس میں دو چوکے شامل تھے۔ شریاس کے آؤٹ ہونے کے بعد واشنگٹن سندر اور راہل کے درمیان اچھی پارٹنرشپ ہوئی اور جب دونوں بلے بازوں نے 32.3 اوور میں ہندوستان کے اسکور کو 152 رن تک پہنچایا تو پانچویں وکٹ واشنگٹن سندر کی شکل میں گری، اس وقت وہ 43 گیندوں میں 19 رن بنا چکے تھے لیکن کے ایل راہل نے ٹیم کو دوسرے سرے پر ایک ٹربل شوٹر کے طور پر محفوظ رکھا۔ ہندوستان نے اگلے دو اووروں میں اپنے تین بلے باز کھو دیے اور وہ 34.4 اوور میں آٹھ وکٹ پر 156 رن ہی بنا سکا۔ راہل نے ایک سرے کو تھامے رکھا لیکن بدقسمتی سے عبادت حسین کے باؤنسر کو ہک کرتے ہوئے گیند باؤنڈری پر امان الحق کو کیچ دے بیٹھے اور وہ 70 گیندوں پر 73 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 39.5 اوور میں نو وکٹ پر 178 رن تھا۔ ہندستان کی آخری وکٹ محمد سراج کی صورت میں گری اور کلدیپ سین دو رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی پوری ٹیم 41.2 اوور میں 186 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی اور ہندوستان نے میزبان بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 187 رن کا ہدف دیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن سب سے کامیاب بولر رہے۔ شکیب نے دس اوور میں دو میڈن پھینک کر 36 رن دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ شکیب نے ہندستانی کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی، واشنگٹن سندر، شاردول ٹھاکر اور دیپک چہار کی وکٹیں لیں۔ بنگلہ دیش کے دوسرے بولر عبادت حسین نے 8.2 اوور میں 47 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ مہدی حسن نے نو اوور میں 43 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ میزبان ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ بھارتی بولر دیپک چہار نے اننگز کے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نجم الحسین شانتو کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا تھا۔ تین اوور کے بعد بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر آٹھ رن بنائے ہیں۔ اس وقت کپتان لٹن داس ایک رن اور انعام الحق سات رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔

 

Related Articles