سریجیش اور سویتا نے بہترین گول کیپر کا ایوارڈ جیتا
لوزانے، اکتوبر ۔ہندوستان کے پی آر سریجیش اور سویتا پونیا کو بدھ کو مسلسل دوسری بار ایف آئی ایچ سال کا بہترین مرد اور خواتین کا گول کیپر منتخب کیا گیا۔سریجیش نے اپنے کیریئر کے 16 ویں سال میں ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے تمام 16 میچوں میں شرکت کرکے ہندوستان کے لیے اپنی اہمیت ظاہر کی، جہاں ہندوستان تیسرے نمبر پر رہا۔انہوں نے 2022 کے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں بھی تمام چھ میچ کھیلے، جہاں ہندوستان نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔سریجیش کو ووٹنگ میں کل 39.9 پوائنٹس ملے، اس کے بعد بیلجیئم کے لوئک وین ڈورین (26.3 پوائنٹس) اور نیدرلینڈ کے پرائمن بلاک (23.2 پوائنٹس) تیسرے نمبر پر رہے۔ یہ ووٹ ماہرین (40 فیصد)، ٹیموں (20 فیصد)، شائقین (20 فیصد) اور میڈیا (20 فیصد) کے ذریعے آن لائن ڈالے گئے۔سریجیش مسلسل دو مرتبہ مردوں کے گول کیپر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل ڈیوڈ ہرٹ (آئرلینڈ) نے 2015 اور 2016 میں یہ ایوارڈ جیتا تھا جبکہ بیلجیئم کے ونسنٹ وناش نے 2017 سے 2019 تک لگاتار تین بار یہ ایوارڈ جیتا تھا۔اپنی جیت پر سریجیش نے کہا، ’’اس میں کوئی شک نہیں، یہ ایک خاص ایوارڈ ہے کیونکہ ہاکی کے شائقین ہمیں ووٹ دیتے ہیں۔یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز اور میری محنت کا ثبوت ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ اپنے کیریئر کے کس مرحلے میں ہیں، ایوارڈز جیتنا ہمیشہ باعث تحریک ہوتا ہے۔دوسری طرف 32 سالہ سویتا 37.6 پوائنٹس کے ساتھ ووٹنگ میں سرفہرست رہیں۔ ارجنٹینا کی لیجنڈ بیلن سوسی 26.4 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کی لیجنڈ جوسلین بارٹم (16 پوائنٹس) تیسرے نمبر پر ہیں۔سویتا نے جیت کے بعد کہا، ‘یہ یقینی طور پر ایک بڑا خوشگوار لمحہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ بہت سے ہندوستانی ہاکی شائقین نے ہمیں ووٹ دیا اور میں ان میں سے ہر ایک کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ 2014 میں ‘گول کیپر آف دی ایئر ایوارڈ کے آغاز کے بعد سے مسلسل دو سال تک یہ ایوارڈ جیتنے والی سویتا تیسری ایتھلیٹ ہیں۔اس سے قبل، ہندوستان کی نوجوان فارورڈ ممتاز خان کو منگل کو ایف آئی ایچ سال کا ابھرتا ہوا کھلاڑی (خواتین میں ) کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔