بین اسٹوکس آئی پی ایل 2022 میں نظر نہیں آئیں گے

لندن، جنوری۔ انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ اور نائب کپتان بین اسٹوکس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کی بڑی نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کھیلتے نظر آئیں گے۔روٹ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ نیلامی میں خود کو شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ 2018 کی نیلامی میں کسی بھی ٹیم نے روٹ میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی ۔ ہوبارٹ میں ایشز کے آخری ٹیسٹ کے بعد روٹ نے نیلامی سے اپنی غیر موجودگی کی تصدیق کی۔ روٹ نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیسٹ ٹیم کے لیے بہت کچھ کرنا ہے اور میری تمام تر توانائیاں اس پر مرکوز ہونی چاہئے۔ میں جتنا ہو سکتا ہوں قربانی دوں گا کیونکہ مجھے اپنے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کا بہت خیال ہے اور اس ٹیم کو بلندیوں تک پہنچنا چاہتا ہوں۔مئی 2019 میں آخری مرتبہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے روٹ کی کسی بھی ٹیم میں شامل ہونے کا امکان کم ہی تھا ، وہیں اسٹوکس آئی پی ایل میں ٹیم کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ وہ رائزنگ پونے سپر جائنٹ کے لیے کھیلتے ہوئے 2017 میں آئی پی ایل میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی تھے۔ اس کے علاوہ، 2018 کی نیلامی میں، انہیں راجستھان رائلز نے اپنی ٹیم میں سب سے زیادہ ساڑھے 12 کروڑ روپے میں شامل کیا تھا۔کرک انفو کو معلوم ہوا ہے کہ فرنچائزی کو توقع نہیں ہے کہ اسٹوکس 20 جنوری کی نئی ڈیڈ لائن سے پہلے نیلامی میں شامل ہوں گے۔ انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ نے کہا کہ انہیں 100 فیصد یقین نہیں ہے کہ اسٹوکس آئی پی ایل میں کھیلیں گے یا نہیں۔ آئی پی ایل 2021 میں، اسٹوکس نے صرف ایک میچ کھیلا اور میدان میں کیچ لینے کی کوشش میں انکی انگلی ٹوٹ گئی تھی ۔ اس انجری کے بعد وہ طویل عرصے تک ٹیم سے باہر رہے اور صحت کو ترجیح دیتے ہوئے وقفہ لیا تھا۔

Related Articles