روبیل حسین ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش
ڈھاکہ، ستمبر۔بنگلہ دیش کے تیز گیند باز روبیل حسین نے پیر کے روز ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا۔سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے مسٹر روبیل حسین نے کہا کہ انہیں نوجوانوں کو زیادہ مواقع دینے کی ضرورت محسوس ہوئی، اسی لیے انہوں نے کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا۔روبیل حسین نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا، "السلام علیکم۔ میں آپ کے ساتھ کچھ اہم بات شیئر کرنا چاہتا تھا۔ میں نے باضابطہ طور پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو خط ارسال کیا ہے اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے طویل فارمیٹ کا قومی ٹیم کو مضبوط بنانے میں بڑا کردار ہوتا ہے۔ میرے خیال میں نوجوان فاسٹ بولرز کو زیادہ مواقع ملنے پر ہماری ٹیم مضبوط ہوگی۔ میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکیں۔روبیل حسین نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2009 میں کیا تھا اور 13 سال کے عرصے میں بنگلہ دیش کے لیے 27 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ انہوں نے گزشتہ دو سالوں میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا جبکہ آخری بار وہ فروری 2020 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں نظر آئے تھے۔ روبیل حسین نے 166 رنز کے عوض 5 وکٹیں لے کر ٹیسٹ کریئر کا بہترین مظاہرہ کیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کریئر کے دوران انہوں نے 36 وکٹیں حاصل کیں اور صرف ایک بار پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ میں بنگلہ دیش کے لیے 27 ٹیسٹ کھیلنے میں کامیاب رہا جو میرے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ریڈ بال کرکٹ کے ساتھ میرے سفر کے دوران میری مدد کی اور میں آنے والے دنوں میں آپ کے تعاون کا متمنی ہوں۔ میں بھلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکا ہوں، لیکن مجھے یقین ہے کہ مجھے بنگلہ دیش کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں ابھی بھی بہت کچھ کرنا ہے۔روبیل حسین نے کہا کہ وہ وائٹ بال کے دیگر فارمیٹ کے ڈھاکہ پریمیئر لیگ (DPL) اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (BPL) میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔