پبوڈو داسانایکا نیپال کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی
کھٹمنڈو، جولائی ۔ سری لنکا کے سابق وکٹ کیپر پبوڈو داسانائکا نے خاندانی وجوہات کی وجہ سے نیپال کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے معاہدے میں ڈیڑھ سال باقی تھے اور اب وہ 2023 کے آخر تک کناڈا کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ 52 سالہ داسانایکا 1990 کی دہائی میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے بعد 2001 سے اونٹاریو، کناڈا کے ہی رہائشی ہیں۔ انہوں نے 2005 میں آئرلینڈ میں کھیلی گئی آئی سی سی ٹرافی میں پہلی بارکناڈا کی نمائندگی کی تھی اوراپنی ٹیم کو 2007 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 2007 سے 2011 ورلڈ کپ تک وہ کناڈا کے ہیڈ کوچ بھی رہے۔ یہ کناڈا کے لیے 50 اوور کا ورلڈ کپ کھیلنے کا آخری موقع تھا۔ اس کے بعد وہ نیپال کی ٹیم سے جڑے اور 2015 تک ہیڈ کوچ رہے، اس دوران انہوں نے نیپال کو 2014 میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک پہنچایا۔ داسانایکا 2016 سے 2019 تک امریکہ کے ہیڈ کوچ رہے اور اس کے بعد انہوں نے دسمبر 2021 میں دوسری بار نیپال کی کمان سنبھالی۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے اپنی خاندانی زندگی کو زیادہ ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔