گورنر تلنگانہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
حیدرآباد،جولائی۔گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندارراجن نے ریاست کے سیلاب سے متاثرہ ضلع بھدرادری کوتہ گوڑم کا دورہ کیا۔انہوں نے اشواپورم منڈل کے بٹی لا گُمپو علاقہ میں سیلاب کے متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔اس علاقہ کے سرپنچوں نے اپنے مسائل پر گورنر کو یادداشت حوالے کی۔بعد ازاں انہوں نے اشواپورم کے قریب متاثرین کی بازآبادکاری کے مرکزکا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے اس مرکز میں متاثرین کے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور یقین دہانی کروائی کہ ان متاثرین کے مسائل پر وہ حکومت کو توجہ دلائیں گی اوران کے حل کو یقینی بنائیں گی۔گورنر نے راحت کاموں کی بھی تفصیلات حاصل کیں۔قبل ازیں کل شب سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ان کے دورہ سے یقینا متاثرین میں بھروسہ پیداہوگا۔وہ کسی سے مقابلہ نہیں کررہی ہیں وہ عوام کے لئے فکرمند ہیں۔وہ عوام کے مفاد میں ہی یہ دورہ کررہی ہیں۔