جروال نے ادھو حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو مسترد کر دیا

ممبئی، جون ۔مہاراشٹر اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری جروال نے ہفتہ کومسٹر ادھو ٹھاکرے کی سربراہی والی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے نوٹس کو مسترد کردیا۔ یہ نوٹس شیوسینا کے باغی ایم ایل اے اور ان کے لیڈر ایکناتھ شندے نے بھیجا ہے۔ذرائع کے مطابق مسٹر جروال کے دفتر نے بتایا کہ شیو سینا کے 16 باغی ایم ایل اے کی رکنیت منسوخ کرنے کے لیے نوٹس بھیجے گئے ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنا کیس پیش کرنے کے لیے ممبئی میں حاضر ہوں۔دریں اثنا شیو سینا کے دونوں دھڑوں نے اپنی مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے ہفتہ کو میٹنگ بلائی ہے۔ وزیر اعلیٰ اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کی صدارت میں پارٹی کی ایگزیکٹو میٹنگ دوپہر کو سینا بھون میں منعقد ہوئی۔ دوسری طرف گوہاٹی کے ایک ہوٹل میں مسٹر شندے کی قیادت میں میٹنگ ہوئی جہاں وہ گزشتہ کئی دنوں سے جمے ہوئے ہیں۔مسٹر شندے کی قیادت میں باغی گروپ نے ‘شیو سینا بالا صاحب ٹھاکرےکے نام سے ایک نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔دریں اثنا ممبئی شیوسینا کی ایگزیکٹو میٹنگ سے موصولہ اطلاع کے مطابق مسٹر ٹھاکرے کے دھڑے نے ایک قرارداد منظور کی ہے کہ کسی دوسرے دھڑے یا کیمپ کو شیو سینا اور اس کے بانی بالاصاحب ٹھاکرے کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اطلاع کے مطابق ایگزیکٹو میں پاس کردہ ایک قرارداد کے مطابق پارٹی سربراہ مسٹر ٹھاکرے کو باغی ایم ایل اے کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ لینے کا حق دیا گیا ہے۔

 

Related Articles