کپتان بن کر اچھا لگ رہا ہے، اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہوں گا: پنت

نئی دہلی، جون ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کپتانی کا موقع ملنے پر رشبھ پنت نے کہا کہ وہ اپنے گھریو میدان پرکپتانی کا موقع ملنے پر بہت خوش ہیں۔ پنت نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ’’اپنے گھریلو میدان (دہلی) میں یہ موقع پا کر بہت اچھا لگ رہا ہے، اور میں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔‘‘ واضح رہے کہ روہت شرما کی غیر موجودگی میں ٹیم کے کپتان منتخب ہونے والے کے ایل راہل دائیں گروئنگ کی چوٹ کی وجہ سے ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ پنت کو کپتان بنایا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ ’’یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ وہ 24 گھنٹوں میں ٹیم کی کپتانی کرنے جا رہے ہیں‘‘ لیکن انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں پنت نے بڑی مسکراہٹ کے ساتھ کہا ’’میں ابھی بھی اسے ہضم نہیں کر پایا ہوں۔ مجھے ابھی ایک گھنٹہ پہلے ہی پتہ چلا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’یہ ایک بہت اچھا احساس ہے، یہ موقع بہت اچھے حالات میں نہیں آیا لیکن مجھے یہ ملنے پر خوشی ہے۔ میں بی سی سی آئی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع دیا۔ مجھے اس پر فخر ہے۔ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا‘‘۔ پنت نے پچھلے دو آئی پی ایل سیزن میں دہلی کیپٹلس کی کپتانی بھی کی ہے، اور آئی پی ایل 2021 میں دہلی ان کی کپتانی میں پلے آف تک پہنچا تھا۔ آئی پی ایل کی کپتانی کے تجربے پر پنت نے کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ ایک کپتان کے طور پر، اس سے (آئی پی ایل میں کپتانی سے) مجھے بہت مدد ملے گی کیونکہ جب آپ ایک ہی چیز کو بار بار کرتے ہیں، تو آپ میں بہتری آتی ہے۔ میں ایسا شخص ہوں جو اپنی غلطیوں سے سیکھتا رہتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس سے مجھے مدد ملے گی۔

 

Related Articles