حجاب حامیوں پر برسے کھادر ،بولے آزادی کو ہلکے میں نہ لیں
منگلورو،جون ۔ کانگریس رہنما اور کرناٹک کے سابق وزیر یو ٹی کھادر نے حجاب حامی مظاہرین پر برستے ہوئے انہیں ہندوستان کی خوبصورتی اور ثقافت کو سمجھنے کےلئے پاکستان یا سعودی عرب جیسے اسلامی ممالک کا سفر کرنے کی صلاح دی۔حجاب پہن کر کالج آنے کی اجازت کا مطالبہ کرنے والی ہمپنکٹا یونیورٹی کالج اور اوپی ننگڈی فرسٹ گریڈ کالج کی طالبات پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے صلاح دی کہ وہ ہندوستان میں ملی آزادی کو ہلکے میں نہ لیں۔مسٹر کھادر نے منگل کو نامہ نگاروں سے کہا کہ جب آپ ہندوستان سے باہر جاتے ہیں اور سعودی عرب،پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کا سفر کرتے ہیں تو آپ کو ہندوستان کی خوبصورتی ،ثقافت اور سبھی کو ملے یکساں مواقع کا احساس ہوگا ۔یہاں آپ کو بات کرنے اور کچھ بھی کرنے کی آزادی ہے۔مسٹر کھادر نے مخالف کرنے والی طالبات کو صلاح دی کہ وہ جلد بازی میں فیصلہ کرنے کے بجائے پہلے اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور اپنے والدین کی صلاح لیں۔انہوں نے کہا کہ صرف 15 طالبات کےلئے الگ سے اصول نہیں بنائے جا سکتے اور نہ ہی عدالتیں آپ کی مرضی کے مابق فیصلہ دے سکتی ہیں۔مسٹر کھادر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ جب وہ حجاب تنازعہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے تھے تو ان کا فون کاٹ دیا گیا۔ انہوں نے جنوبی کنڑ کے ڈپٹی کمشنر کے وی راجیندر سے ہمپنا کٹا یونیورسٹی کالج میں ڈریس کوڈ پر شبہ کو دور کرنے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ کالج میں تعلیمی سیشن کے درمیان حجاب پر پابندی لگانے کے فیصلے کے خلاف پریس کانفرنس کرنے والی تین طالبات کو کالج انتظامیہ نے وجہ بتاؤنوٹس جاری کیا تھا۔