انگلش کرکٹر معین علی کو برطانوی شاہی اعزاز ‘او بی ای’ مل گیا
لندن،جون۔انگلش بالر معین علی کو کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں شاہی اعزاز آفیسر آف آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (او بی ای) سے نوازا گیا ہے۔معین علی کو کھیلوں کے لیے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کے موقع پر دیے جانے والے اعزازت کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔اس اعزاز کے ساتھ ہی معین علی نے یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی ممکنہ واپسی کے ‘دروازے کھلے ہیں۔’معین علی نے گزشتہ برس ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ انہوں نے 64 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پانچ سینچریوں کی مدد سے 2914 رنز جب کہ 195 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔معین علی محدود اوور کی کرکٹ میں انگلینڈ کی قیادت بھی کرچکے ہیں جب کہ وہ 2019 میں ورلڈ کپ اور ایشز جیتنے والے اسکواڈ میں بھی شامل تھے۔کھیلوں کی خبروں دینے والی ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق برمنگھم کے اسپارک ہل پارک میں کمیونٹی کرکٹ سے انگلینڈ کی ٹیم کی تمام فارمیٹس میں نمائندگی کرنے والے معین علی کہتے ہیں کہ ان کا یہ اعزاز برطانوی ایشیائی کمیونٹی کے درمیان ان کے رول ماڈل کی حیثیت کا عکاس ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ سیگفتگو کرتے ہوئے معین علی کا کہنا تھا کہ یہ واضح طور پر ایک اعزاز ہے اور جتنا آپ اس کے بارے میں سوچیں گے، اتنا ہی آپ کو احساس ہوگا کہ یہ کتنا اچھا ہے اور کتنا فائدے مند ہے۔ان کے بقول کسی بھی چیز سے زیادہ انہیں یہ معلوم ہے کہ اس سے ان کے والدین کو خوشی ہوئی ہے اور یہ سب سے اہم چیز ہے۔ ان کا کہنا تھا یہ بہت اچھا ہے۔میرے گھر والے فخر محسوس کر رہے ہیں اور وہ خوش ہیں۔معین علی کہتے ہیں کہ جیسے ہی اْنہوں نے انگلینڈ کے لیے کھیلنا شروع کیا، لوگوں نے ایک ممکنہ رول ماڈل کے طور پر لیبل کیا۔ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے کیوں کہ آپ لوگوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتے۔معین علی نے کہا کہ ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی 2022 کی اعزازی فہرست میں او بی ای وصول کرنا میرے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ میں یہ ایوارڈ اپنے والدین، اہل خانہ اور ان تمام کوچز اور کھلاڑیوں کو وقف کرنا چاہوں گا جن کے ساتھ میں اپنے کریئر میں کھیلا۔معین علی کو او بی ای سے نوازے جانے پر انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی انہیں مبارک باد دی۔کھیلوں کے چینل اسکائی اسپورٹس کے مطابق ملکہ برطانیہ کی اعزازی فہرست میں شامل دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ویلز کے کپتان گیرتھ بیل، اولمپک چیمپئن بننے والی برطانیہ کی خواتین ٹیم کی رکن ایو میورہیڈ بھی شامل ہیں۔بیل کو فٹ بال اور خیراتی کاموں کے لیے خدمات پر ممبر آف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر(ایم بی ای)ے نوازا گیا جب کہ میورہیڈ کو او بی ای سے نوازا گیا، وہ بیجنگ اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والی برطانیہ کی خواتین کرلنگ ٹیم کا حصہ تھیں۔اس کے علاوہ میورہیڈ کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو ایم بی ای سے نوازا گیا۔
او بی ای کیا ہے؟آرڈر آف دی برٹش ایمپائر کو 1917 میں بادشاہ جارج پنجم کی جانب سے ان لوگوں کے لیے متعارف کرایا کیا گیا تھا جنہوں نے غیر دفاعی خدمات انجام دی تھیں۔ بعد ازاں اس آرڈر کو آرٹس، سائنسز، فلاحی کاموں اور پبلک سروسز میں خدمات تک بڑھا دیا گیا۔ یہ آرڈر فوجی اور غیر فوجی دونوں ڈویڑن میں پانچ کلاسز پر مشتمل ہے۔آفیسر آف دی آرڈر آف برٹش ایمپائر ایسے لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے کسی بھی شعبے میں علاقائی یا ملکی سطح پر کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔