میرے دوست اور میرے حریف،کاش یہ دن کبھی نہ آتا، نڈال کا فیڈرر کی ریٹائرمنٹ پر ردعمل
لندن،ستمبر۔اسپین سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کی ریٹائرمنٹ پر تبصرہ کیا ہے۔رافیل نڈال نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ’میرے دوست اور میرے حریف،کاش یہ دن کبھی نہ آتا،میرے لیے اور کھیل کی دنیا کے لیے آج افسوس کا دن ہے’۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ کورٹ پر اور کورٹ سے باہر وقت گزارنا اعزاز کی بات ہے،امید ہے آئندہ بھی ہم مل کر بہت کچھ کر سکیں گے،لندن میں لیورکپ کے دوران آپ سے ملاقات ہوگی۔واضح رہے کہ ٹینس کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی راجر فیڈرر نے گزشتہ روز ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں راجر فیڈرر نے گرینڈ سلم اور اے ٹی پی ٹور ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ رواں سال لندن میں ہونے والا لیور کپ ان کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا۔41 سالہ ٹینس اسٹارکا کہنا تھا کہ میرے جسم نے مجھے واضح پیغام دے دیا ہے، میں نے 24 سال میں 1500 سے زائد میچز کھیلے اور اب مجھے سمجھنا چاہییکہ کیریئر کو کہاں ختم کرنا ہے۔فیڈرر کا کہنا تھا کہ میں کھیل سے محبت کرتا ہوں اور اسے کبھی نہیں چھوڑوں گا۔
انگلش کپتان بٹلر کا پاکستان کیخلاف مکمل ٹی 20 سیریز مس کرنے کا امکان
کراچی،۱۶؍ستمبر۔انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کا پاکستان کے خلاف مکمل ٹی ٹوئنٹی سیریز مس کرنے کا امکان ہے۔انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر پہنچی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 20 ستمبر سے کراچی میں شروع ہو گی، پہلے 4 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق جوز بٹلر پنڈلی کی انجری کا شکار ہیں اور ان کے پاکستان کے خلاف مکمل سیریز کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ جوز بٹلر ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں، ورلڈ کپ سے قبل مکمل فٹ ہونے کے لیے جوز بٹلر مکمل سیریز مس کر سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر جوز بٹلر صرف آخری دو میچز تک خود کو محدود کر سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جوز بٹلر کی غیر موجودگی میں آل راونڈر معین علی کراچی میں کھیلے جانے والے چاروں میچز میں انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے، معین علی کے لاہور کے میچز میں بھی انگلش ٹیم کی قیادت کرنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ پہلے ہی جوز بٹلر کے ابتدائی میچز میں نہ کھیلنے کا کہہ چکا ہے۔اس حوالے سے انگلش کپتان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں وارم اپ میچز ہیں، جلدی کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان میں سیریز کے آخری دو میچز ملتے ہیں تو یہ بہترین ہو جائے گا۔برطانوی میڈیا کے مطابق جوز بٹلر کی پنڈلی کی تکلیف زیادہ نہیں ہے لیکن جلد بازی کرنے سے دوبارہ تکلیف بڑھنے کا خدشہ ہے۔