ثاقب محمود نے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لئے آئی پی ایل کی پیشکش ٹھکرائی

لندن، اپریل۔انگلینڈ کے تیز گیند باز ثاقب محمود نے آئی پی ایل میں کھیلنے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔ وہ لنکا شائر کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر اپنی ٹیسٹ جگہ محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔ثاقب کو ایک زخمی کھلاڑی کی جگہ آئی پی ایل میں کھیلنے کی پیشکش ہوئی تھی۔محمود (25 سال) نے گزشتہ ماہ ہی ویسٹ انڈیز کے دورے پر اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور 22.83 کی اوسط سے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے دکھایا تھاکہ وہ پرانی گیند سے ریورس سوئنگ بھی کرا سکتے ہیں۔ وہ محدود اوورز کے میچوں میں بھی انگلینڈ کے لیے اپناجلوادکھاچکے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’میں نے آئی پی ایل کاآفر ٹھکرا دیا ہے تاکہ میں زیادہ سے زیادہ ریڈ بال کرکٹ کھیل سکوں۔ جب میں ویسٹ انڈیز میں تھا، تب مجھے یہ آفر ملاتھا۔ یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن یہ فیصلہ مجھے کرناہی تھا۔ میں نے اس کے لیے کچھ لوگوں سے بات چیت کی اور فیصلہ کیا کہ مجھے ابھی ریڈ بال کرکٹ (کاؤنٹی کرکٹ) کھیلناہے۔ میں باقاعدگی سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔”تاہم محمود نے یہ بتانے سے انکار کر دیا ہے کہ انہیں کس ٹیم سے آئی پی ایل کے لیے آفر ملاتھا۔ انہوں نے اس کے لیے بین اسٹوکس سے بھی مشورہ کیا جو اس سال آئی پی ایل میں حصہ لینے سے انکار کرچکے تھے۔محمود نے بتایا، ’’میں ایک دن صبح کے ناشتے میں اسٹوکس سے بات کر رہا تھا، میں نے ان سے پوچھا کہ وہ اس سال آئی پی ایل کھیلنے کیوں نہیں جارہے ہیں توانہوں نے کہا کہ وہ ریڈ بال کرکٹ کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔ مجھے اسی دن ہی ایک آئی پی ایل ٹیم کا فون آیا۔ یہ ایک اتفاق ہی تھا کہ میں نے اسی روزاسٹوکس سے بات کی تھی۔ میں بھی ٹیسٹ کرکٹ باقاعدگی سے کھیلنا چاہتا تھا، اس لیے میں نے اسٹوکس کی طرح آئی پی ایل میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے تجربے جیسا کچھ نہیں ہوسکتا۔ ”

 

Related Articles