قسمت نے ہمارا ساتھ دیا اور ہمیں وہ وکٹیں رن آؤٹ کی صورت میں ملی: میانک
پونے، اپریل ۔ پنجاب کنگز کے کپتان اور میچ کے بہترین کھلاڑی میانک اگروال نے ممبئی انڈینس کے خلاف 12 رنز کی جیت درج کرنے کے بعد کہا کہ وہ خوش ہیں کہ میچ کے دن قسمت ان کے ساتھ تھی اور رن آؤٹ کی شکل میں پنجاب نے وہ وکٹیں حاصل کیں۔میانک نے کہاکہ ’’مجھے خوشی ہے کہ میں نے ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کیا۔ وہ دو نکات بہت اہم ہیں۔ یہ میچ اتار چڑھاؤ سے بھرا ہوا تھا۔ ہم ان اہم لمحات کو اپنے حق میں موڑ رہے تھے اور اس نے ہمارے لیے کام کیا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی ہم جارحانہ کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے لیکن اس میچ میں ہم نے ہوشیاری سے جارحانہ کرکٹ کھیلی۔ گجرات کے خلاف ہم نے راشد کو وکٹ دی تھی۔انہوں نے مزید کہاکہ "اس بار ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہم ان کے اچھے باؤلرز کو وکٹیں نہ دیں۔ بریوس نے ایک بڑا شاٹ مارا۔ راہل اس اوور کے بعد اچھی طرح واپس آئے، اس کا سہرا انہیں جانا چاہیے۔ قسمت نے ہمارا ساتھ دیا اور ہمیں وہ وکٹیں رن آؤٹ کی صورت میں ملی۔ کاگیسو ربادا کے علاوہ ہمارے پاس دو اور تیز گیند باز ہیں۔ ہم صرف ربادا پر منحصر نہیں ہیں۔ میں تیسری جیت سے بہت خوش ہوں۔ اگر ہم ہر میچ میں پانچ فیصد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو ہم آگے جا کر کچھ کمال کردکھائیں گے۔