دھونی نے طرز عمل سے دنیا بھر میں احترام حاصل کیا: لکشمن
نئی دہلی ، سابق ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی وی وی ایس لکشمن نے کہا ہے کہ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنے طرز عمل پر دنیا بھر میں عزت حاصل کی ہے۔
ٹیم کے سابق کپتان دھونی نے اچانک 15 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔ دھونی ٹیم انڈیا کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے آئی سی سی کے تینوں ٹورنامنٹ جیتے ہیں۔
لکشمن نے اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ سے گفتگو میں کہا کہ کرکٹ کے شائقین سے آپ کی کرکٹ کامیابیوں سے پیار ملتا ہے لیکن احترام صرف آپ کے طرز عمل سے ملتا ہے۔میں ہمیشہ محسوس کرتا ہوں کہ کسی کے لئے بھی ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ دنیا بھر کے لوگ ٹیم سے بہت توقع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ہندوستانی چاہتے ہیں کہ ٹیم انڈیا عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے لہذا ہندوستانی ٹیم کے کپتان پر بہت زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ لیکن دھونی ہمیشہ نتائج سے جذباتی طور پر الگ رہے ہیں۔
سابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ صرف کھیل کے شائقین بلکہ ہندوستانیوں کو بھی متاثر کیا اور بتایا کہ ملک کا ایمبیسڈر کیسے بنا جاتا ہے اور آپ کو عوامی زندگی میں کس طرح برتاؤ کرنا ہےاس سے ہی انہیں اتنا احترام ملتا ہے۔
لکشمن نے کہا کہ اگر آپ سوشل میڈیا پوسٹ پر نگاہ ڈالیں تو نہ صرف سابق کھلاڑی یا کرکٹ کے شائقین بلکہ سارے ہندوستانی بشمول فلمی ستارے ، مشہور صنعتکار ، سیاست دان انھیں نیک خواہشات پیش کررہے ہیں۔ پوری دنیا کے سابق کرکٹرز نے نہ صرف ہندوستانی کرکٹ بلکہ عالمی کرکٹ میں بھی اس کی شراکت کے لئے دھونی کا شکریہ ادا کیا ہے۔