پی سی بی قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرے گا
لاہور، مارچ۔ لاہور کا مشہور قذافی اسٹیڈیم جلد ہی کسی اور نام سے جانا جاسکتاہے۔ کرک انفو سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بتایا کہ اس نئے نام کے پیچھے کوئی سیاست نہیں ہے، بلکہ بورڈ کئی اسپانسرز سے بات کر رہا ہے، جن سے سب سے پرکشش پیشکش دینے والے کو اسٹیڈیم کا نام رکھنے کاحق دیا جائے گا۔ اس سے قبل بھی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی بات ہوتی رہی ہے لیکن عام طورپر اس کی وجہ سیاسی رہی ہے۔ اس بار وجہ صرف مالی ہے اور لاہور کے بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو بھی کوئی اور نام دینے کی بات ہوسکتی ہے۔ رمیز نے کہا، "ہم نے یوگَو نامی تنظیم سے معلوم کیا کہ ہمارے اسٹیڈیم اسپانسرز سے کتنی قیمت کی مانگ کرسکتے ہیں۔ یہ صرف قذافی ہی نہیں بلکہ این ایس کے (کراچی) اور دیگر گراؤنڈز پر بھی لاگو ہے۔ اس بارے میں کچھ عرصے سے بات جاری ہے اوراسپانسرز کا جوش و خروش بھی قابل دید ہے۔ جلد ہی قذافی کا نام بدل جائے گا اور ایک اسپانسر کا نام اسٹیڈیم سے جڑ جائے گا۔ 1959 میں جب اس اسٹیڈیم کا افتتاح ہوا تھا تو اسے لاہور اسٹیڈیم کہاجاتا تھا۔ پھر 1974 میں لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی نے پاکستان میں منعقدہ اسلامی کانفرنس کے وفاقی خطاب میں میزبان ملک کی ایٹم بم بنانے کی تجویز کی حمایت کی تھی۔ اس بات سے خوش ہوکر وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے اہم کرکٹ اسٹیڈیم کا نام ان کے اعزاز میں رکھ دیاتھا۔