سری نگر کے بٹہ مالو میں بھیانک آتشزدگی، کم سے کم 8 رہائشی مکان خاکستر، 10 فائرمین زخمی
سری نگر،مارچ۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر کے بٹہ مالو علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات نے دو درجن کنبوں کو چند گھنٹوں میں ہی بے گھر کر دیا۔آگ کی اس واردات میں کم سے کم آٹھ رہائشی مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے جبکہ آگ کو قابو کرنے کی کوششوں کے دوران محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے بھی دس اہلکار زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بٹہ مالو کی شیخ حمزہ کالونی میں اتوار کی شب شبیر احمد شیخ کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی۔انہوں نے کیا کہ آگ کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ فائر ٹنڈرس اطلاع موصول ہوتے ہی جائے واردات پر پہنچ گئے اور پولیس اور مقامی لوگوں کے ساتھ آگ کو قابو کرنے کی کوششوں میں جٹ گئے لیکن کم سے کم 8 مکانوں کو خاکستر ہونے سے نہیں بچا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ اس دوران محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے کم سے کم دس اہلکار زخمی بھی ہوگئے جن میں تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔زیادہ زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت محمد احسان ملہ، الطاف احمد راتھر اور اکشے سہگل کے بطور کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خاکستر ہونے والے مکانات میں سے بیشتر تین منزلہ ڈھانچے تھے جن میں چوبیس کنبے رہائش پذیر تھے۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔دریں اثنا مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مزدور پیشہ لوگوں کی بستی ہے جو اجڑ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بے گھر ہوگئے ہیں اور ان کا سب کچھ مال و اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے۔انہوں نے حکام سے متاثرین کی بھر پور مالی مدد کرنے کی اپیل کی۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔