الیکشن میں نیم فوجی دستوں کی 54 کمپنیاں تعینات ہوں گی
جالندھر، فروری۔پنجاب کے ضلع جالندھر میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن اسمبلی انتخابات کے لیے مرکزی نیم فوجی دستے کی 54 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ضلع کے ڈپٹی کمشنر گھنشیام تھوری نے جمعہ کے روز کہا کہ پرامن اور منصفانہ طریقے سے اسمبلی انتخابات 2022 کے لئے جالندھر انتظامیہ کے ذریعہ پولیس اور سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلع کے تمام نو اسمبلی حلقوں میں سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کی کل 54 کمپنیوں کی تعیناتی کے لیے پولیس اور سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 19 کمپنیاں شہری علاقوں میں اور 35 کمپنیاں دیہی علاقوں میں تعینات کی جائیں گی۔ ان اہلکاروں کے علاوہ پنجاب ہوم گارڈ کو بھی 20 فروری کو مرکزی فورسز کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔مسٹر تھوری نے کہا کہ کل کمشنریٹ اور جالندھر دیہی پولیس دونوں کے دائرہ اختیار میں 1975 پولنگ اسٹیشن آتے ہیں اور حساس بوتھوں کے لیے خصوصی تعیناتی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں مختلف مقامات پر چوپیس گھنٹے سی اے پی ایف اور پنجاب پولیس کے جوانوں کی مشترکہ تعیناتی کے ساتھ علاقے میں سیکورٹی کو مزید مضبوط کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جالندھر دیہی پولیس کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں 701 جنرل اور 130 اہم پولنگ مقامات ہیں، جن کے لیے 352 نان گزیٹڈ آفیسرز (این جی او)، 481 ہیڈ کانسٹیبل، پنجاب ہوم گارڈ کے 387 اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ اسی طرح شہری علاقوں میں تمام 325 نازک اہم اور عام مقامات پرمرکزی فورسز کے ساتھ پنجاب پولیس کے 2400 جوانوں کوتعینات کیاجائے گا۔مسٹر تھوری نے مزید کہا کہ بوتھ سطح پر پورے انتخابی عمل پر کڑی نظر رکھنے کے لیے فورس کی تعیناتی کے علاوہ مائیکرو آبزرورمقرر کیے گئے ہیں۔ ان مقامات پر ویب کاسٹنگ اور سی سی ٹی وی کی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ لوگ بغیر کسی خوف اور دباؤ کے اس جمہوری عمل میں شرکت کر سکیں۔