دھونی کی ملک کے لئے خدمات سب کے دلوں میں رہے گی: کوہلی
نئی دہلی ، ہندستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھہنی کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر قومی اور بینالاقوامی کھلاڑیوں نے اپنےردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی کرکٹ سے وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ پر کہا ہے کہ انہوں نے ملک کے لئے جو کیا وہ ہمیشہ سب کے دل میں رہے گا۔اپنی کپتانی میں ہندوستان کو دو بار عالمی چمپیئن بنانے والے دھونی نے ہفتے کی شام بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا۔ دھونی کے ریٹائر ہونے کے فورا بعد ہی ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر سریش رینا نے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
کوہلی نے ٹویٹ کیا کہ ہر کرکٹر کو ایک دن اپنا سفر ختم کرنا ہوتا ہے لیکن پھر بھی جب آپ کے قریب سے کوئی شخص یہ فیصلہ کرتا ہے تو آپ زیادہ جذباتی ہوجاتے ہیں۔ آپ نے ملک کے لئے جو کیا وہ ہمیشہ سب کے دل میں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے آپ سے جو اعزاز ملا ہے وہ ہمیشہ میرے دل میں رہے گا۔ دنیا نے کامیابیوں کو دیکھا ہے ، میں نے اس شخص کو دیکھا ہے۔ شکریہ سب کچھ کے لئے کیپٹن۔
کپتان نے رینا کو مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعلی کیریئر کے لئے مبارکباد بھاویش ۔ مستقبل کے لئے گڈ لک۔
۔۔۔۔ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ روی شاستری بھی ان کی قابلیت کا اعتراف کرتے ہیں۔ شاستری نے کہا کہ دھونی وکٹ کے پیچھے اس قدر تیز تھے کہ ان کے ہاتھ اسٹمپنگ اور رن آؤٹ کے معاملے میں کسی بھی جیب تراش سے تیز چلتے تھے۔شاستری کا مزید کہنا تھا کہ دھونی نے بطور وکٹ کیپر نئے معیارات طے کئے۔
۔۔۔۔۔ٹیم انڈیا کے سرکردہ کھلاڑی روہت شرما نے اتوار کے روز دھونی کی ریٹائرمنٹ پر ٹویٹ کیا کہ ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بااثر کھلاڑی۔۔انہوں نے مزید لکھا کہ ان کا وژن تھا اور وہ ٹیمیں بنانے میں ماہر تھے۔ ہم انہیں بلیو جرسی میں یاد کریں گے لیکن وہ پیلی جرسی میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔ 19 ستمبر کو ٹاس پر ملیں گے۔روہت نے ایک ٹویٹ میں رینا کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
۔۔۔سابق ہندوستانی کرکٹر ویریندر سہواگ نے لکھا،اوم فنیشائے نمہا۔ پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے لکھا کہ کرکٹ کی کہانی آپ کے بغیر نامکمل ہوگی۔
۔۔۔۔۔بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے کہا کہ یہ ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ وہ ملک اور دنیا کے لئے حیرت انگیز کرکٹر تھے۔ ان کی قائدانہ معیار کا مقابلہ کرنا بہت مشکل ہے۔ خاص طور پر کھیل کے مختصر فارمیٹ میں۔ میں آپ کی شان میں سر جھکاتا ہوں۔
آئی سی سی ،خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی ،کنگز الیون پنجاب ،گوتم گمبھیر نے بھی ٹویٹ کئے ہیں ۔
۔۔۔۔۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ روز بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے مہندر سنگھ دھونی کو ہندستانی کرکٹ کا حقیقی لیجنڈ قرار دیا۔شاہد آفریدی نے انہیں کرکٹ کیلئے بیش بہا خدمات انجام دینے پر سراہتے ہوئے شاندار کیریئر کے اختتام پر مبارکباد دی۔
۔۔۔۔۔پاکستان کے ہی ایک دیگر سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ دھونی ایسا کھلاڑی تھا جو آیا، کھیلا اور فتح کرگیا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سیریز کے دوران کمنٹری کے لیے ساؤتھمپٹن میں موجود سوئنگ کے سلطان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی میرے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔انھوں نے کہا کہ دھونی ایسا کھلاڑی تھا جو آیا، کھیلا اور اُس نے فتح کر لیا۔سابق کپتان نے کہا کہ دھونی نڈر کھلاڑی تھا جو حریف سے ڈرنا نہیں جانتا تھا۔
۔۔۔۔۔۔پاکستان کے کوچ مصباح الحق نے سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ پر کہا کہ انہوں نے ہندوستانی کرکٹ کا پورا چہرہ تبدیل کردیا۔ دھونی کی وجہ سے ہی ٹیم انڈیا ٹی 20 ، ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب رہی۔
۔۔۔۔۔۔انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے وائٹ بال کرکٹ میں دھونی کو دنیا کا بہترین کپتان قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھونی جتنے باہر سے خاموش کپتان تھے اتنے ہی اندر سے ایک جارحانہ کھلاڑی تھے ۔